بھارت مقبوضہ وادی میں جنگی جرائم کا مرتکب ہورہاہے، صدر آزاد کشمیر


اسلام آباد: آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہاہے کہ بھارت مقبوضہ وادی میں جنگی جرائم کا مرتکب ہورہاہے،بھارت نے مواصلاتی ذرائع کو معطل کیا ہواہےاور اسکا یہ اقدام مقبوضہ وادی پر ایک نیا حملہ ہے۔ 

اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت مقبوضہ وادی میں نئی دلی سےبراہ راست حکومت کرنا چاہتا ہے،بھارت نے مقبوضہ وادی کو میدان جنگ اور جیل میں بدل دیاہے۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ وادی میں غیر قانونی اقدامات اٹھائے ،گرفتار کشمیریوں کو بھارتی فوج تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے۔ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں  ایک بین الاقوامی معاملہ ہے،اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مودی حکومت اپنے مکروہ اقدامات سے دنیا کو گمراہ کررہی ہے،مقبوضہ کشمیر کی خبریں جو پہنچ رہی ہیں اس سے ابھرنے والی تصویر بھیانک ہے،مغربی ممالک کی تنظیموں کا دوہرا معیار ہے۔

سردار مسعود خان نے کہا کہ لاک ڈاوَن اور مواصلاتی نظام بلاک ہونے کے باعث ادویات کی کمی کا سامنا ہے،سلامتی کونسل کا اجلاس ایک اہم پیش رفت ہے جو نکتہ آغاز ہے،سفارتی محاذ پر لڑنےکیلئے سلامتی کونسل سے رابطہ ضروری ہے۔

صدر آزاد کشمیر مسعود خان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں عارضی حراستی مراکز قائم کیے گئے ہیں،مقبوضہ کشمیر سے گرفتار افراد کو بھارتی  جیلوں میں منتقل کر دیا گیا ہے،مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کو بتا دیا گیا ان کا ان کی زمین پر ہی اختیار نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بچے بلک بلک کر جان دے رہے ہیں۔ انسانی حقوق کا درس دینے والے کوئی آوا ز نہیں اٹھا رہے،اب تک 6ہزار افراد کو غائب کر کے تشدد کیا جارہاہے، سری نگر کے تمام اسکولز بچوں سے خالی ہیں ۔

آزاد کشمیر کے صدر نے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے سلامتی کونسل مزید اجلاس بلائے ،اس مسئلے کا نتیجہ نکلنا چاہیے ۔ ریاست پاکستان اراکین اقوام متحدہ کے ساتھ رابطےمیں ہے۔

یہ بھی پڑھیے: کشمیر میں کرفیو کا 15 واں دن: جنت نظیر خطے میں جہنم دہکنے لگا


متعلقہ خبریں