بزدار سرکار نے تعلیمی میدان میں جنوبی پنجاب کو نظر انداز کردیا

فوٹو: فائل


لاہور:جنوبی پنجاب کی تعلیمی صورتحال بگڑنے کا انکشاف ہوا ہے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن کی ضلعی درجہ بندی نے بھانڈا پھوڑ دیاہے۔ وزیراعلی سردارعثمان احمد خان بزدار کی زیر قیادت پنجاب حکومت نے تعلیمی میدان میں جنوبی پنجاب کو نظر انداز کردیا ہے۔ 

محکمہ اسکول ایجوکیشن کی طرف سے کی گئی سالانہ ضلعی درجہ بندی کے مطابق  36 اضلاع میں جنوبی پنجاب کے اضلاع سب سے پیچھے ہیں۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے آبائی  ضلع ڈیرہ غازی خان کی تعلیم میں صورتحال سب سے ابترہے اور یہ ضلع درجہ بندی میں سب سے آخری نمبر یعنی 36پر ہے۔

صوبہ سندھ سے متصل جنوبی پنجاب کا آخری ضلع رحیم یار خان 33 ویں،مظفر گڑھ 34 ویں اور بہاولنگر 35 ویں نمبر پرہیں۔ اسی طرح ڈیرہ غازی سے متصل  ضلع راجن پور 28 ویں نمبر پر، لیہ 23 ویں جبکہ خانیوال 26 ویں نمبر پر موجود ہے۔

سنٹرل پنجاب کے اضلاع  قصور، سرگودھا اور ننکانہ صاحب تعلیمی سال 18-19 میں بالترتیب پہلے تین نمبر پر رہے۔

ضلعی رینکنگ اساتذہ، طلبہ کی حاضری، امتحانی نتائج، سرکاری اسکولوں کی حالت زار پر نکالی جاتی ہے۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن درجہ بندی میں پہلے پانچ اضلاع کی ایجوکیشن اتھارٹیز کے افسران کو دو ماہ کی تنخواہ شاباشی کے طور پر دے گا۔ بہترین ڈویژن ہونے پر لاہور کی ایجوکیشن اتھارٹیز افسران کو بھی دو ماہ کی تنخواہ شاباشی کے طور پر ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں: جنوبی پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کو بروقت  مکمل کیا جائے،عثمان بزدار


متعلقہ خبریں