مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ عالمی عدالت انصاف لے جانے کا فیصلہ


اسلام آباد: پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عالمی عدالت میں جانے کا فیصلہ تمام قانونی پہلوؤں کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت قانون اس حوالے سے جلد مزید تفصیلات فراہم کرے گا۔

عالمی عدالت انصاف میں انسانی حقوق کی پامالی کا معاملہ اٹھایا جائے گا جبکہ اس سلسلے میں بین الاقوامی وکلاء سے رابطے کیے جارہے ہیں۔

مزید پڑھیں: امریکی صدر مسئلہ کشمیر پر ثالثی کیلئے میدان میں آ گئے

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بھی وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد اس حوالے سے اپنی پریس بریفنگ میں تصدیق کی۔

انہوں نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان عالمی عدالت انصاف میں جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی طاقت پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑنا چاہتا ہے اور لڑے گا۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ میں 27 ستمبر کو خطاب کریں گے جبکہ بھارتی وزیراعظم 26 ستمبر کو خطاب کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مظلوم کشمیریوں کی جنگ عالمی فورمز پر موثر انداز میں  لڑنے کا فیصلہ کیا ہے،۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے میں سمندر پار پاکستانیوں کے کردار کو سراہا۔


متعلقہ خبریں