رمیز راجہ نے مصباح کو کوچ بنانے کی مخالفت کردی

’مصباح مخالف ٹیم کی غلطی کا انتظار کرتے ہیں‘


پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ نے مصباح الحق کو قومی ٹیم کو ہیڈ کوچ بنانے کی مخالفت کردی۔

مائیک ہیسن کی جانب سے انکار کے بعد مصباح پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے لیے مضبوط ترین امیدوار بن گئے ہیں۔

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ 45 سالہ سابق کپتان کو ہیڈ کوچ کے عہدے کے ساتھ ساتھ چیف سیلیکٹر بھی بنادیا جائے گا۔

ایک ویڈیو میں رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ مصباح کی دفاعی حکمت عملی پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے درست نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مصباح کچھ خود کرنے کے بجائے مخالف ٹیم کی غلطی کا انتظار کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ’کامیاب کوچ بننے کیلئے مصباح کو شخصیت مزید مضبوط بنانی ہوگی‘

سابق کپتان نے زور دیا کہ پاکستان کو بے خوف اور جدید طرز کی کرکٹ کھیلنی ہوگی تب ہی گرین شرٹس کامیاب ہوسکتے ہیں۔

ویرات کوہلی کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ بھارتی ٹیسٹ ٹیم کو اپنی جارحانہ حکمت عملی سے نئی سطح پر لے گئے ہیں اور پاکستان کو بھی ایسا ہی کرنے کی ضرورت ہے۔

معروف کمنٹیٹر کا کہنا تھا کہ جارحنہ کرکٹ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے ڈی این اے میں ہے، صرف اس حوالے سے درست منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک اچھی ٹیم کے طور پر تسلیم کیے جانے کے لیے قومی ٹیم کو ہر طرح کی کنڈیشنز میں فتوحات حاصل کرنا ہوں گی۔


متعلقہ خبریں