فیس بک کا نیوز ٹیب کیلئے صحافیوں سے مدد لینے کا اعلان


سان فرانسسکو: فیس بک نے نیوز ٹیب کے حوالے سے معتبر صحافیوں سے مدد لینے کی تصدیق کردی ہے۔

اس نئے منصوبے پر عمل درآمد سے فیس بک اپنے روایتی طریقے یعنی الوگرتھم کے ذریعے صارفین تک ان کی پسندیدہ معلومات پہچانے کے طریقہ کار سے تبدیلی اختیار کر لے گا۔

چند افراد پر مشتمل ٹیم یہ فیصلہ کرے گی کہ فیس بک صارفین کے لیے ٹاپ اسٹوریز کیا ہوں گی۔

نیوز ٹیب کے علاوہ صارفین کی نیوز فیڈ میں دکھائی دی جانے والی باقی معلومات الوگرتھم کی مدد سے صارف کی دلچسپی، ان صفحات جنہیں صارف نے لائک اور سبسکرائب کیا ہے اور صفحات کی فالوونگ کو مدنظر رکھتے ہوئے دکھائے جائیں گے۔ واضح رہے کہ نیوز ٹیب نیوز فیڈ سے الگ ہوگا۔

فیس بک کے ہیڈ آف نیوز پارٹنر شپ کیمپ بیل براؤن نے ایک خبررساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’نیوز ٹیب میں تبدیلیوں کے ذریعے ہم صارفین کے فیس بک استعمال کرنے کے تجربے کو مزید بہتر بنانا چاہتے ہیں جس سے وہ خود کو جوڑ سکیں۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’فیس بک کے ٹاپ نیوز سیکشن کے لیے ہم صحافیوں کی ایک چھوٹی سی ٹیم بنا رہے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ نمایاں کی جانے والی اسٹوریز اس قابل ہیں۔‘

یاد رہے کہ اس سال کے آغاز میں فیس بک کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے بیان دیا تھا کہ وہ اس امر کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ جس قدر ممکن ہو سکے اعلیٰ معیار کی صحافت کو اجاگر کریں۔‘


متعلقہ خبریں