وسیم اختر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ

کیا کراچی کے مسائل کے حل کیلئے اقوام متحدہ جائیں؟ مصطفیٰ کمال


کراچی: پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کراچی کی صورت حال پر میئر وسیم اختر کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کا مطالبہ کر دیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی بربادی کا حساب لیا جائے، ہماری کسی بات پر توجہ نہیں دی جا رہی اور شہر کا کسی کو خیال نہیں۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کراچی کا دورہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ تھوڑی سی بارش ہو جائے تو پانی گھروں میں داخل ہو جاتا ہے، وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر اعظم سے بھی کہا لیکن کوئی توجہ نہیں دیتا۔

مزید پڑھیں: میئر کراچی کی سندھ حکومت کو ٹیکس نہ دینے کی اپیل

انہوں نے کہا کہ پانی جمع ہونے سے کراچی میں وبائی امراض پھوٹ پڑے ہیں، آج بھی شہر کی صفائی ممکن ہے۔

پی ایس پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ وسیم اختر کو فرار ہونے کا راستہ نہ دیا جائے کیوں کہ وہ کسی طرح ملک سے بھاگنے کی  کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سب پریس کانفرنس کرتے ہیں ذمہ داری لینے کو تیار نہیں، کیا کراچی کے مسائل کے حل کیلئے اقوام متحدہ جائیں؟

ان کا کہنا تھا کہ وسیم اختر نے بہت سی پاکستان اور بیرون ملک جائیداد بنالی ہے، حساب لیا جائے پیسے کہاں سے آئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ذرا سی بارش ہوتی ہےاور بہت سے لوگ مرجاتے ہیں، ساری ذمہ داری شہری حکومت اور میئر پر عائد ہوتی ہے۔


متعلقہ خبریں