سلمان بٹ کا امتیازی سلوک کا شکوہ

افغان کرکٹ بورڈ نے سلمان بٹ کو بیٹنگ کنسلٹنٹ بنانے کی خواہش ظاہر کردی

لاہور: پاکستان کے سابق کپتان سلمان بٹ نے کہا ہے کہ سابق سیلیکشن کمیٹی نے ان کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا تھا۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کرکٹ بورڈ کی جانب سے قومی ٹیم کے تیز گیند باز محمد عامر کو خصوصی اہمیت دینے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس بات کی سمجھ نہیں آتی کہ صرف ایک شخص کو کیوں اتنی اہمیت دی گئی جبکہ اس نے فرسٹ کلاس کا ایک سیزن بھی مکمل نہیں کھیلا۔

34 سالہ سلامی بلے باز کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی فٹنس پر بہت کام کیا اور حالیہ ٹورنامنٹس میں میری کارکردگی بھی شاندار رہی ہے جبکہ مجھے واپڈا کی ٹیم کا کپتان بھی مقرر کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ میری قیادت میں ٹیم نے کئی فائنلز کھیلے اور ان میں کامیابی بھی حاصل کی ہے جبکہ بلے بازی میں بھی میں ہمیشہ ٹاپ کے تین کھلاڑیوں میں شامل رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر میرٹ کی بنیاد پر ٹیم کی سیلیکشن کی جائے تو سیلیکٹرز کو میری کارکردگی ضرور نظر آئے گی، میرے خیال میں جو بہتر کارکردگی دکھاتا ہے اسے قومی ٹیم میں ضرور موقع دینا چاہئے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ محض دو میچز کی بنیاد پر آپ میرے کارکردگی کا جائزہ نہیں لے سکتے، مجھے پورے سیزن میں چانس دے کر دیکھیں تو میری کارکردگی ضرور سامنے آئے گی۔

انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی کی نئی آنے والی سیلیکشن کمیٹی ضرور میرٹ کی بنیاد پر کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گی۔


متعلقہ خبریں