پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم عمران خان

 پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت پولیو سے متعلق ہنگامی اجلاس آج منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا محمود خان, وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، وزیراعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر اور سیکرٹری کے پی  کے علاوہ دیگر حکومتی شخصیات شریک ہوئے۔


اجلاس میں  فوکل پرسن برائے پولیو بابر بن عطا نے وزیراعظم عمران خان کو پولیو کے حالیہ کیسز کے حوالے سے بریف کیا اور اس کے خاتمے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بتایا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پولیو آنے والی نسلوں کو متاثر کرسکتا ہے، اس کے خاتمے کے لیے وفاق اورصوبائی حکومتیں مؤثرمہم چلائیں۔

یاد رہے اس سے قبل آج مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے انسداد پولیو کے لیے کئے گئے اقدامات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

بل گیٹس نے خط میں پولیو کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کوششوں پر حکومت پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور خیبر پختونخوا میں بڑھتے ہوئے پولیو کیسز پر اجلاس طلب کرنے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔

مائیکرو سافٹ کے بانی کی جانب سے لکھے گئے خط میں پاکستان سے پولیو کو ختم کرنے کے لیے والدین کے ذہنوں سے پولیو کے بارے میں موجود شکوک و شبہات نکالنے کو انتہائی ضروری قرار دیا ہے۔

انہوں نے حکومت کی توجہ حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کی جانب بھی مبذول کرائی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کو بھی خصوصی توجہ درکار ہے۔

بل گیٹس نے انسداد پولیو کے لیے کیے گئے اقدامات کے علاوہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور احساس پروگرام کی بھی تعریف کی ہے۔

مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے ستمبر کے مہینے میں اقوام متحدہ کے اجلاس کے دوران وزیراعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات اور گفتگو کرنے کی خواہش کا اظہاد بھی کیا ہے۔


متعلقہ خبریں