گرے فہرست سے نام نکالنے کا معاملہ، پاکستان کے اقدامات بہترین قرار

ایف اے ٹی ایف: پاکستان کو جون تک گرے لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ

فائل فوٹو


اسلام آباد: فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) میں پاکستان کا نام گرے فہرست سے نکالنے کے معاملے پر ایشیاء بحرالکاہل گروپ نے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور اقدامات کو بہترین قرار دے دیا۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ ایشیاء بحرالکاہل گروپ کے تمام ارکان نے پاکستان کی بھرپور حمایت کر دی۔

بھارت کی گروپ میں پاکستان مخالف منفی سرگرمیاں جاری رہیں اور اس نے پاکستان سے متعلق جائزہ رپورٹ کی تضحیک کی کوشش بھی کی تاہم اس کی تمام مضموم کاوشیں بری طرح ناکام ہو گئیں۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ایشیاء بحرالکاہل گروپ نے پاکستان سے متعلق جائزہ رپورٹ کو اطمینان بخش قرار دی۔

پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلان پر عمل کرتے ہوئے مارچ سے اب تک مختلف نوعیت کے 900 اثاثے منجمد کئے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے عملدرآمد رپورٹ میں ایف اے ٹی ایف کو فراہم کردہ معلومات ہم نیوز نے حاصل کرلی ہیں۔

دستاویزات کے مطابق پاکستان کی جانب سے منجمد کردہ اثاثے اقوام متحدہ کی جانب سے دہشت گرد قرار دی گئی تنظیموں کے ہیں۔

پاکستانی بینکوں نے کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 192 اکاؤنٹس بھی منجمد کئے ہیں جن میں ڈیڑھ ارب روپے موجود ہیں۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ حکومتی اقدامات کے تحت شیڈول فور کی فہرست میں شامل مشتبہ افراد کے 5503 اکائونٹس بھی منجمد کئے گئے ہیں جن میں 24 کروڑ کی رقم موجود ہے۔

اس کے علاوہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قرارداد کے تحت  244 بینک اکاؤنٹس بھی منجمد کئے گئے ہیں، ان میں بھی ڈیڑھ ارب روپے سے زائد موجود ہیں۔

پاکستان کی جانب سے ڈی جی ایف ایم یو نے ایف اے ٹی ایف کوحتمی کمپلائنس رپورٹ 12 اگست کو بذریعہ ای میل بھیجی جاچکی ہے۔


متعلقہ خبریں