جعلی بینک اکاونٹس کیس: منی لانڈرنگ میں بھارتی شہری کے ملوث ہونے کا انکشاف

فوٹو: فائل


اسلام آباد: جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کے معاملے میں وعدہ معاف گواہ ناصر عبداللہ لوتھا نے منی لانڈرنگ میں بھارتی شہری کے ملوث ہونے کا انکشاف کردیا۔

ہم نیوز کو موصول ہونے والے ناصر لوتھا کے بیان میں انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری سے صدر ہاؤس پاکستان میں ملاقات ہوئی جن کے ساتھ عبدالغنی مجید بھی بیٹھے تھے۔

ناصر لوتھا کے بیان کے مطابق زرداری نے کہا کہ اس (عبدالغنی مجید) کا خاص خیال رکھیں، یہ میرا خاص بندہ ہے۔

ناصر لوتھا نے کہا کہ عبدالغنی مجید اور حسین لوائی دبئی میں میرے محل آتے تھے اور دونوں نے مجھے سمٹ بینک بنانے کے متعلق بتایا۔

مزید پڑھیں: جعلی بینک اکاؤٹس کیس: ناصر عبداللہ وعدہ معاف گواہ بن گئے

بیان کے مطابق ناصر لوتھا نے کہا کہ مجھے کہا گیا کہ پیسے ہم آپ کو دیں گے جو دبئی سے اس بینک میں انویسٹ کریں حالانکہ میرا وہاں ایک شیئر بھی نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایک بھارتی شہری اشیش مہتا ان کی جانب سے پیسے مجھے پہنچاتا رہا۔

ناصر لوتھا نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں بطور وعدہ معاف گواہ بیان ریکارڈ کرایا تھا۔

احتساب عدالت نے ناصر عبداللہ کے وارنٹ گرفتاری بھی منسوخ کردیئے۔ انہوں نے دبئی سے پاکستان آکر بیان قلم بند کرایا۔

آصف علی زرداری، ان کی ہمشیرہ فریال تالپور اور زرداری کے قریبی ساتھی عبدالغنی مجید سمیت دیگر ریفرنس میں نامزد ہیں۔

ناصر عبداللہ سمٹ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چئیرمین تھے۔


متعلقہ خبریں