لاہور کا پیرا گلائیڈر چترال میں دوران پرواز گر کر جاں بحق


چترال میں لاہور سے تعلق رکھنے والا پیرا گلایڈنگ پائلٹ پرواز کے دوران گر کر جاں بحق ہوگیا ہے۔ 

چترال پولیس کے مطابق خواجہ شیراز ناصر ولد میجر ریٹائرڈ شاہد ناصر نامی پیرا گلائیڈر  آج دوپہر کو بیر موغ لشٹ نامی مقام سے چھریرہ برداری  کیلئے اڑ کر ہوا میں چکر لگا رہا تھا کہ اچانک تیز ہوا چلنے لگی جس کی وجہ سےوہ اپنی چھتری پر قابو نہ رکھ سکا ۔

پولیس کے مطابق شیراز ناصر دولوموچ کے مقام پر کافی اونچائی سے نیچے گر گیا جس کے نتیجے میں اس کی ریژھ کی ہڈی ٹوٹ گئی، اسے زخمی حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال پہنچایا گیا مگر وہ اپنے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا۔

جاں بحق پیرا گلائیڈر شیراز ناصرکے قریبی دوست سلیم خان  جو اس سے ملنے لاہور سے آئے تھے ‘کے مطابق شیراز ناصر پچھلے دس سالوں سے چھریرہ برادری پیراگلائیڈنگ سے  باضابطہ طور پر وابستہ تھے ،وہ ایڈونچرر ٹریول پاکستان کے چیف ایگزیکٹو بھی تھے ۔

شیراز ناصر ہرسال کثیر تعداد میں سیاحوں کو لیکر چترال آتے تھے۔ شیراز ناصر کی میت ایمبولنس میں لاہور روانہ کردیا گیاہے۔

پیرا گلائیڈر شیراز ناصر کی ناگہانی  وفات پر ہندوکش پیراگلائیڈنگ ایسوسی ایشن کے اراکین نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ناران: لینڈسلائیڈنگ سے دو سیاح جاں بحق


متعلقہ خبریں