وزیرقانون بیرسٹر فروغ نسیم کی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم کی وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی ہے۔ 

ملاقات کے دوران بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے اٹھائے گئے یکطرفہ اقدامات کو اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے بعد مختلف بین الاقوامی فورمز پر چیلنج کرنے کے لئے اہم قانونی اور آئینی پہلوؤں پر مشاورت کی گئی ۔

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کئے گئے یکطرفہ اقدامات پر سلامتی کونسل کیطرف سے خصوصی اجلاس کا انعقاد پاکستان کی بہت بڑی سفارتی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر آئینی اقدامات اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو ہر میسر فورم پر چیلنج کیا جائے گا۔

وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے پچاس سال کے بعد مسئلہ کشمیر کو سیکورٹی کونسل میں اجاگر کرنے پر وزیر خارجہ کو مبارکباد پیش کی۔

دوسری طرف وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا سویڈن  کے وزیر خارجہ مارگوٹ وال سٹروم سے ٹیلیفونک رابطہ بھی ہواہے ۔

دفتر خارجہ کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر کی ابتر صورتحال سمیت خطے میں امن و امان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں یکطرفہ اقدامات نے پورے جنوبی ایشیا کے امن و امان کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں 5 اگست سے مسلسل کرفیو کی وجہ سے زندگیاں اجیرن ہو گئی ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں لاک ڈاؤن کے سبب، مکینوں کو ادویات اور خوراک کی عدم دستیابی کا سامنا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں یکطرفہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے جس سے جنوبی ایشیا میں ایک نیا انسانی المیہ جنم لیتا دکھائی دے رہا ہے ۔

سویڈن کی وزیر خارجہ نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی جامع تحقیقات ہونی چاہئیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے تنازع کا فیصلہ کشمیری عوام کی رائے کے مطابق ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم تمام صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔  انہوں نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لئےفریقین  کو تصفیہ طلب امور ، پرامن انداز میں افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیے: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کا غیر انسانی سلوک دنیا کے سامنے بے نقاب


متعلقہ خبریں