فوری اور آسان انصاف ہی عوام کی زندگیوں میں واضح تبدیلی کا ضامن ہے،وزیراعظم


اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ  فوری اور آسان انصاف ہی عوام کے مسائل کے حل اور انکی زندگیوں میں واضح تبدیلی کا ضامن ہے۔ 

وزیرِ اعظم عمران خان نے یہ بات  وفاقی وزیرِ قانون ڈاکٹر فروغ نسیم سے آج ہونے والی اہم  ملاقات میں کی ہے۔

وزیر اعظم نے مفاد عامہ میں قانون سازی کے ضمن میں وزیرِ قانون کی کاوشوں کو سراہاتے ہوئے کہا کہ  عوام کی سہل اور سستے انصاف تک رسائی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

ملاقات میں پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹرملیکا بخاری، سیکرٹری قانون ارشد فاروق فہیم اور وزارت کے دیگر سینئر افسران موجود تھے۔

وزیرِ قانون نے وزیرِ اعظم کو مفادِ عامہ میں بنائے جانے والے نئے قوانین اور ان کے نفاذ میں اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔  نئے قوانین میں کوڈ آف سول پروسیجر (ترمیمی) بل2019، لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی بل2019 شامل ہیں۔

اس موقع پر انفورسمنٹ آف وویمن پراپرٹی رائٹس بل 2019، لیٹرز آف اینڈمنسٹریشن اینڈ سکسیشن سرٹیفیکیٹ بل 2019، وسل بلوئر پروٹیکشن اینڈ وجیلینس کمیشن بل2019 اور سروس ٹرابیونل (ترمیمی) بل2019 پر بھی بریفنگ دی گئی ۔

اس کے علاوہ میوچل لیگل اسسٹنس بل2019، مسلم فیملی لاز (ترمیمی) ایکٹ2019سیکشن 4 اور سیکشن 7 اور قانونی نظام کے لئے ایکشن پلان فار وویمن اینڈ گرلز شامل ہیں۔

وزیرِ قانون نے بتایا کہ عوام کو ان کے حقوق و دیگر معاملات کے بارے میں متعلقہ قوانین و ذیلی قوانین سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لئے پاکستان کوڈ کو آن لائن کر دیا گیا ہے۔

اس ضمن میں پاکستان کوڈ کے نام سے ایک ایپلیکشن بھی بنا لی گئی ہے جو جلد عوام کو ان کے موبائل فونز پر دستیاب ہوگی۔ اس ایپلیکیشن کے تحت 1840سے مارچ 2019تک کے قوانین کی تمام تفصیلات حاصل کی جا سکیں گی۔

وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کیا گیاکہ پاکستان کوڈ میں اب تک تیئس (23)مختلف شعبوں سے متعلق 844قوانین درج ہیں۔  وزیرِ قانون نے وزیرِ اعظم کو دیگر مختلف قوانین پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیے: نیب کیسز میں ضمانت دینے کا اختیار ٹرائل کورٹ کو دینے کا فیصلہ


متعلقہ خبریں