دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے ڈیم پارٹ کی تعمیر کے لئے پیشکش موصول


اسلام آباد: دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے ڈیم پارٹ کی تعمیر کے لئے پیشکش (بِڈز)واپڈا کو موصول ہوگئی ہے۔ 

ذرائع کا کہناہے کہ ڈیم پارٹ کے لئے دوجوائنٹ وینچرز نے اپنی اپنی ٹیکنیکل اور فنانشل بِڈز جمع کرائیں ۔ دونوں جوائنٹ وینچرز ایک ایک چینی اور ایک ایک پاکستانی کمپنی پر مشتمل ہیں ۔

جوائنٹ وینچرز میں شامل کمپنیوں کے نمائندوں کی موجودگی میں ٹیکنیکل بِڈز کھولی گئیں۔ مطلوبہ قواعد و ضوابط کے مطابق ٹیکنیکل بِڈز کی جانچ پڑتال کے بعد فنانشل بِڈز کھولی جائیں گی۔

دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے ڈیم پارٹ کی تعمیر کے لئے آج واپڈا ہاؤس میں بِڈزوصول کی گئیں۔ بِڈز کی وصولی دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کی تعمیر کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

دو جوائنٹ وینچرز نے ڈیم پارٹ کی تعمیر کے لئے اپنی اپنی ٹیکنیکل اور فنانشل بِڈز جمع کرائیں۔ اِن جوائنٹ وینچرز میں چائنا گزوبہ گروپ کمپنی، جی آر سی جوائنٹ وینچر اور پاور کنسٹرکشن کارپوریشن آف چائنا، ایف ڈبلیو او جوائنٹ وینچر شامل ہیں۔

دونوں جوائنٹ وینچرز ایک ایک غیر ملکی اور ایک ایک پاکستانی کمپنی پر مشتمل ہیں۔

بِڈ اوپننگ کمیٹی (Bid Opening Committee) نے جوائنٹ وینچرز میں شامل کمپنیوں کے نمائندوں کی موجودگی میں ٹیکنیکل بِڈزکھولیں۔

مذکورہ ٹیکنیکل بِڈز کی جانچ پڑتال بِڈنگ ڈاکو منٹس، پبلک پروکیور منٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) اور پاکستان انجینئرنگ کونسل کے متعلقہ قواعد و ضوابط کی روشنی میں کی جائے گی۔

ٹیکنیکل بِڈز کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہونے پر مطلوبہ شرائط اور معیار پر پورا اُترنے والے جوائنٹ وینچر (Technically Responsive)کی فنانشل بِڈز کھولی جائیں گی۔

سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے اور وفاقی حکومت کی ترجیحات کی روشنی میں واپڈا دیا مر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم ہائیڈرو پاورپراجیکٹ تعمیر
کر رہاہے۔

مہمند ڈیم پر تعمیراتی کام کا آغاز رواں سال مئی میں ہو چکا ہے جبکہ دیا مر بھاشا ڈیم پربھی تعمیراتی کام جلد شروع ہوجائے گا۔

دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کی تعمیر کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں سے ایک ڈیم پارٹ جبکہ دوسرا پاور جنریشن سے متعلق سہولیات کی تعمیر پر مشتمل ہے۔

دیا مر بھاشا ڈیم چلاس سے 40 کلو میٹر زیریں جانب دریائے سندھ پر تعمیر کیا جائے گا۔ منصوبے کے مقاصد میں پانی کا ذخیرہ، سیلاب سے بچاؤ اور بجلی کی پیداوار شامل ہیں۔

دیا مر بھاشا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت8 اعشاریہ ایک ملین ایکڑ فٹ جبکہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4 ہزار 500میگاواٹ ہے۔

یہ بھی پڑھیے: بھاشا ڈیم کی جنگی بنیادوں پر تعمیر کی سفارش


متعلقہ خبریں