وزیراعلی پنجاب کا صوبے میں 4نئی یونیورسٹیوں کے قیام کا اعلان

پنجاب: اسمارٹ لاک ڈاؤن کے آغاز پر وزیراعلیٰ کا پروٹوکول کے بغیر دورہ

لاہور: وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے صوبے میں 4نئی یونیورسٹیوں کے قیام کا اعلان کردیاہے۔ 

انہوں نے یہ اعلان آج لاہور میں صوبائی وزراء، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات کے دوران کیا ۔

سردار عثمان احمد خان بزدار نے کہا کہ پنجاب کو صحت اور تعلیم کے لحاظ سے مثالی صوبہ بنائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق سوشل سیکٹر پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے۔

سردار عثمان احمد خان بزدار نے کہا کہ صوبے میں 4نئی یونیورسٹیاں بناکر معیاری تعلیم کا عہد پورا کریں گے۔ ترقیاتی سکیموں کی جلد تکمیل اور شفافیت کے لئے ای مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں 8ہزار سے زائد بیڈز کے اضافے کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ۔ 8350بیڈز کے اضافے سے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو آسانی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ میانوالی میں اسپتال اور نشترٹو کے منصوبے کی جلد تکمیل چاہتا ہوں۔ پبلک سیکٹر اسپتالوں میں اچانک چیکنگ کر کے صورتحال کا خود جائزہ لوں گا۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ صوبہ بھر میں تقریباً اڑھائی ہزار منصوبوں کی جلد تکمیل کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ پنجاب میونسپل سروسز پروگرام کے تحت فراہمی اور نکاسی آب کے منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ورلڈ بینک کے پنجاب سٹیزپروگرام کے تحت صوبے کے شہروں کوبہتر بنائیں گے۔

وزیراعلیٰ  پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں رکن قومی اسمبلی محمد خان لغاری، صوبائی وزیر سمیع اللہ چوہدری اورمشیر صحت محمد حنیف پتافی شامل تھے۔

ارکان صوبائی اسمبلی خواجہ محمد داؤد سلیمانی، چودھری فیصل فاروق چیمہ، سیمابیہ طاہر، محمد مامون تارڑ، شبین گل خان، محمد لطاسب ستی، نذیر احمد خان، محمد اشرف خان رند، مومنہ وحید، آسیہ امجد اور چیئرپرسن ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کنیز فاطمہ بھی شامل تھیں۔

یہ بھی پڑھیے: جنوبی پنجاب، بہاولپور اور ہزارہ صوبوں کیلئے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کی تجویز


متعلقہ خبریں