بچوں سے زیادتی پر قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی، مریم اورنگزیب سربراہ منتخب

بچوں سے زیادتی پر قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی، مریم اورنگزیب سربراہ منتخب | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد:وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب بچوں سے زیادتیوں کے خلاف قائم قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کی چئیرپرسن منتخب کر لی گئی ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق پیر کو خصوصی کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا جس میں رومینہ خورشید عالم نے سربراہ کے طور پر وزیرمملکت برائے اطلاعات کا نام تجویز کیا، وزیر قانون زاہد حامد نے اس کی تائید کی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ بچوں سے زیادتی کے واقعات کی روک تھام کے لیے موجودہ قوانین اور پراسیکیوشن کے طریقہ کارکا جائزہ لیا جائے گا۔ قوانین میں بہتری اور عملدرآمد کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز، صوبائی حکومتوں اورسول سوسائٹی کے نمائندگان سے مشاورت کی جائے گی۔

کمیٹی کی نومنتخب سربراہ کا کہنا تھا کہ قانون و انصاف، انسانی حقوق اور تعلیم کی وزارتیں کمیٹی کو اپنی تجاویز پیش کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ بچوں سے زیادتی اور تشدد کے واقعات کے تدارک کے لیے خطے کے دیگر ممالک کے تجربات، رائج قوانین سے رہنمائی لی جائے گی، اس دوران صوبوں میں لاگو قوانین کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

مریم اورنگزیب کے مطابق کمیٹی اس ضمن میں اپنی سفارشات 30 دن کے اندر مرتب کرکے اسپیکر قومی اسمبلی کو پیش کردے گی۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے تجاویز موصول ہونے کے بعد ضرورت کے تحت قوانین میں ترامیم کی تجویز دی جائے گی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ بچوں پر تشدد سے متعلق آگہی، مناسب تربیت اور روک تھام کے طریقوں کے بارے میں معلومات تعلیمی نصاب میں شامل کرنا بھی زیر غور ہے۔

وزیرمملکت برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ معاشرے سے ایسے واقعات کے خاتمے میں قومی شعور کی بیداری کے لیے میڈیا اپنا موثر کردار ادا کرے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ بچوں اور ان کے حقوق کے تحفظ کی بھاری ذمہ داری ایک ماں کے جذبے سے نبھانے کی پوری کوشش کروں گی۔

پہلے اجلاس کے دوران قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کے اراکین نے بچوں سے زیادتی کے حوالے سے قوانین اور پراسیکیوشن کے نظام میں بہتری لانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔

کمیٹی اراکین میں وزیر قانون زاہد حامد، وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ، پیپلزپارٹی کی عذرا فضل پیچوہو، پی ٹی آئی کے انجینئر علی محمد خان، رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز، شاہدہ اختر علی، رومینہ خورشید عالم اور کشور زہرا شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں