دہشت گردوں کے معاونین کے خلاف کارروائی تیز، ایف اے ٹی ایف میں رپورٹ پیش

ایف اے ٹی ایف کو پیش کردہ رپورٹ کے مندرجات سامنے آ گئے

اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف)  کو پیش کردہ رپورٹ کے مندرجات سامنے آ گئے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان نے اگست 2019 تک دہشت گردوں کی مالی معاونت کے 707 مقدمات درج کئے اور 632 افراد کو گرفتار کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال  159 افراد کو دہشت گردوں کی مالی معاونت کے جرم میں سزائیں بھی سنائی گئی ہیں۔

پاکستان نے دہشت گردی کے مقدمات کی مالی معاونت کی بھی تحقیقات کی ہیں جس کے مطابق  اگست 2019 تک دہشت گردی کے مقدمات میں اس کے مالی پہلوؤں کی 290 تحقیقات کی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق دہشت گردی کے مختلف مقدمات کے مالی پہلوؤں کی تحقیقات کے لئے 309 مشترکہ تحقیقاتی ٹیمز (جے آئی ٹیز) قائم کی گئیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کا نام گرے فہرست سے نکالنے کے معاملے پر ایشیاء بحرالکاہل گروپ نے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور اقدامات کو بہترین قرار دے دیا تھا۔

اس ضمن میں ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ ایشیاء بحرالکاہل گروپ کے تمام ارکان نے پاکستان کی بھرپور حمایت کر دی۔

بھارت کی گروپ میں پاکستان مخالف منفی سرگرمیاں جاری رہیں اور اس نے پاکستان سے متعلق جائزہ رپورٹ کی تضحیک کی کوشش بھی کی تاہم اس کی تمام مذموم کاوشیں بری طرح ناکام ہو گئیں۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ایشیاء بحرالکاہل گروپ نے پاکستان سے متعلق جائزہ رپورٹ کو اطمینان بخش قرار دے دیا۔

پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلان پر عمل کرتے ہوئے مارچ سے اب تک مختلف نوعیت کے 900 اثاثے منجمد کئے ہیں۔


متعلقہ خبریں