ٹیلر سوئفٹ نے پاکستانی طالبہ کا تعلیمی مستقبل بچا لیا


ٹورنٹو: اونٹاریو یونیورسٹی کی پاکستانی طالبہ عائشہ خرم ان چند خوش نصیبوں میں شامل ہو گئی ہیں جنہیں اپنی پسندیدہ شخصیت سے من چاہا تحفہ نصیب ہوتا ہے۔

امریکی گلوکارہ اور نغمہ نگار ٹیلر سوئفٹ نے 6,386 ڈالرز دے کر عائشہ کا تعلیمی سلسلہ منقطع ہونے سے بچا لیا ہے۔

پاکستانی تارک وطن عائشہ خرم ایک برس قبل ٹیلر سوئفٹ سے ایک کانسرٹ میں ملی تھیں، یہ ملاقات ایک اچھی یادگار کے علاوہ کچھ بھی نہیں تھی۔ مگریہ خوشگوار واقعہ تب پیش آیا جب عائشہ اپنا تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے میں مشکلات کا سامنا کر رہی تھی۔

عائشہ نے بین الاقوامی میڈیا کو بتایا کہ ’میں اپنی یونیورسٹی کی فیس دینے کے لیے متفکر تھی، میں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ یونیورسٹی کی تعلیم بہت مہنگی ہے، اس کے اخراجات اٹھانا انتہائی مشکل ہے۔‘

’میرے اسٹیٹس کے جواب میں میری ایک سہیلی کا کہنا تھا کہ تمہیں اپنے پے پال اکاؤنٹ کا نمبر شیئر کرنا چاہیے تاکہ ہم تمہاری مدد کر سکیں، جس پر میں نے اپنا اکاؤنٹ نمبر شیئر کر دیا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ اگلے ہی دن مجھے ٹیلر نیشن، ایل ایل سی کی جانب سے آن لائن پیسوں کی منتقلی کے حوالے سے ایک نوٹیفیکیشن موصول ہوا۔ میرے اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی رقم 6,386.47 ڈالر تھی اور اس کے ساتھ ہی ایک نوٹ بھی لکھا تھا ’عائشہ، اپنا تعلیمی سلسلہ جاری رکھو، میں تم سے بہت پیار کرتی ہوں! ٹیلر۔‘

عائشہ کا کہنا تھا کہ یہ بہت ہی خاص لمحہ تھا، اتنا خاص کہ میں اسے الفاظ میں بیان نہیں کر سکتی۔ ٹیلر بہت بے لوث ہے، میں اس قدر جذباتی تھی کہ سونے سے پہلے بہت روئی۔ یہ ایک ایسا لمحہ تھا جس کے بارے میں آپ خواب میں بھی نہیں سوچ سکتے کہ اس مشکل وقت میں ٹیلر سوئفٹ آپ کی مدد کو آئے گی۔

واضح رہے کہ عائشہ اکاؤنٹنگ اور فنانشل مینجمنٹ کی طالبہ ہیں۔ حال ہی میں اونٹاریو کے طالبعلموں کو دیے جانے والے قرضوں میں کمی کی گئی ہے جس کی وجہ سے ان کے لیے تعلیمی اخراجات برداشت کرنا تقریباً ناممکن ہو گیا تھا۔


متعلقہ خبریں