مریم نواز نے سارے خاندان کی سیاست کو تباہ کردیا، شیخ رشید

’ایک طرف خون، دوسری طرف سیاست، شہباز شریف پھنس گئے‘


راولپنڈی: وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے سارے خاندان کی سیاست کو تباہ کردیا۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز پھنس گئے ہیں کیوں کہ ایک طرف خون اور دوسری طرف سیاست ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ بیورو کریسی کی وجہ سے کام کرنے میں مشکلات ہو رہی ہیں اور صورت حال سے وزیراعظم عمران خان کا آگاہ کردیا ہے۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے پانچ سال ضرور پورے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑا، بھارت میں اتنی ہمت نہیں کہ ہماری سرحد کی طرف دیکھے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نریندر مودی نے فاشزم کی بدترین مثالیں قائم کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کشمیریوں کے ساتھ خون کا رشتہ ہے اور ہم نے بھارت میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر بھی آواز بلند کی ہے۔


متعلقہ خبریں