سیاحت کا فروغ: کے پی نے اپنی تیارکردہ موٹر وے کا انتظام این ایچ اے کو سونپ دیا

سیاحت کا فروغ: کے پی نے اپنی تیارکردہ موٹر وے کا انتظام این ایچ اے کو سونپ دیا

اسلام آباد: ملک میں سیاحت کے فروغ اور مسافروں کی سہولت کے لیے خیبر پختونخوا حکومت نے اپنی تیار کردہ سوات ایکسپریس وے کے انتظامی امورنیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے سپرد کردیے۔ اس ضمن میں وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کیے ہیں۔ ایم او یو پر دستخط وزیراعلیٰ کے پی محمود خان اور وفاقی وزیرمواصلات مراد سعید نے کیے۔

ہم نیوز کے مطابق سوات ایکسپریس وے پر روڈ سیفٹی اور سفری سہولتوں کی نگرانی براہ راست موٹر وے پولیس کرے گی جب کہ مسافروں کو موبائل ایپ سمیت این ایچ اے کی جانب سے دی جانے والی تمام سفری سہولتیں دستیاب ہوں گی۔

کے پی حکومت65 فیصد ترقیاتی بجٹ استعمال کرنے میں ناکام

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے پی حکومت نے یہ فیصلہ سوات کالام جانے والے سیاحوں اور مسافروں کو آسانی فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ موجودہ فیصلے سے ملکی سیاحت کو فروغ ملے گا۔

ہم نیوز کے مطابق کے پی کے وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ سوات موٹر وے کو توسیع دے کر ٹورسٹ زون بنایا جائے گا جو علاقے کی معاشی سرگرمیوں کو تیز کرنے کا بھی سبب بنے گی۔

وفاقی اور کے پی حکومتوں کے درمیان ایم او یو پہ دستخط کرنے کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق صوبے میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کے پی حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا ملک کا پہلا صوبہ ہے جس نے اپنے وسائل سے موٹر وے کو مکمل کیا ہے۔ان کا دعویٰ تھا کہ حالیہ حکومتی اقدامات کے باعث لاکھوں سیاح سوات کا رخ کررہے ہیں جو خوش آئند امر ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت نے 41 ہزار687 ملازمتیں فراہم کا اعلان کردیا

وفاقی وزیرمواصلات مراد سعید نے کہا کہ موجودہ معاہدہ مسافروں اور سیاحوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور انہیں بہتر سفری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت مواصلات سوات ایکسپریس وے کے انتظامی امور سنبھالے گی تو سیاحوں و مسافروں کو این ایچ اے کی موبائل ایپ استعمال کرنے کی سہولت ملے گی۔

وفاقی وزیر مراد سعید کے مطابق سوات ایکسپریس وے پہ سفر کرنے والے سیاحوں و مسافروں کو موسم کی صورتحال اور سیاحتی مقامات کے متعلق آگاہی میسر آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سوات موٹر وے کو کالام تک توسیع دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں