کپتانی ایک چیلنج سمجھ کر قبول کروں گا، عماد وسیم

کپتانی ایک چیلنج سمجھ کر قبول کروں گا، عماد وسیم

اسلام آباد: قومی ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے کہا ہے کہ کرکٹ ٹیم کا کپتان کسے ہونا چاہئے اس کا فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرنا ہے، میں کبھی خود جا کر اس کی فرمائش نہیں کروں گا تاہم اگر مجھے موقع دیا گیا تو یہ میرے لئے ایک اعزاز کی بات ہو گی۔

ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ بچپن سے پاکستان کے لئے کرکٹ کھیلنے کا خواب آنکھوں میں سجایا ہوا تھا اور جب یہ پورا ہوا تو بہت خوشی ہوئی، میرا کام کرکٹ کھیلنا ہے، اگر مجھے کپتانی کی ذمہ داری سونپی جاتی ہے تو اس سے میں پیچھے نہیں ہٹوں گا اور چیلنج سمجھ کر ضرور قبول کروں گا۔

سابق کوچ مکی آرتھر کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ مکی آرتھر کو کوچنگ کے عہدے سے ہٹانے پر افسوس ہے مگرہ یہ کرکٹ بورڈ کا فیصلہ ہے اور ہمیں اس کا احترام کرنا چاہئے۔

انہوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں مکی آرتھر کی کوچنگ میں دوبارہ کھیلنا پسند کروں گا چاہے وہ ملک کی جانب سے ہو یا پھر کسی لیگ کرکٹ میں ہو۔

عماد وسیم نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میرے مزاج سے ہٹ کر ہے اور ماضی میں مختلف قسم کی انجریز کا شکار ہونے کے وجہ سے میں صرف سفید گیند کی کرکٹ پر دھیان دے رہا ہوں۔

محمد عامر کی ٹیسٹ کرکٹ میں ریٹائرمنٹ کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ’ میرے خیال میں عامر کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ اچھا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ آج کل ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ زیادہ کھیلی جا رہی ہے لہذا اس فیصلے سے عامر پاکستان کو چھوٹے فارمیٹ کی کرکٹ میں طویل عرصے تک خدمات دے سکیں گے۔

 

 


متعلقہ خبریں