حکومت نے کشمیر کا مقدمہ لڑنے سے پہلے ہی ہتھیار ڈال دیے، بلاول



سکردو: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس حکومت نے مسئلہ کشمیر پر کوشش کرنے سے پہلے ہی ہتھیار ڈال دیے ہیں۔

سکردو میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا ہر پاکستانی پریشان ہے کہ کہیں کشمیر کو فروخت تو نہیں کردیا، میں ان پہاڑوں اور یہاں کے عوام کو گواہ بنا کہتا ہوں کہ کشمیر پر کوئی سودے بازی نہیں کرنے دوں گا۔

بلاول نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری حکومت ہی کشمیریوں کو ان کے حقوق دلا سکتی ہے یہ عمران خان کے بس کی بات نہیں۔

پی پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کو تاریخ سے سبق سیکھنا چاہیے اور اگر کشمیر پر سودے بازی کی تو حکمرانوں کا وہ حشر ہوگا کہ دنیا یاد رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے نمائندے اور سلکیٹڈ وزیراعظم میں فرق ہوتا ہے، ایک جمہوری حکومت عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرتی ہے لیکن یہاں تو سب کچھ الٹ ہو رہا ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان ایسے دور سے گزررہا ہے کہ جب ملک کی خارجہ پالیسی کو برباد کر دیا گیا اور معیشت آئی ایم ایف کے پاس گروی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آنے سے پہلے جھوٹے وعدے کرنا آسان لیکن نبھانا مشکل ہے، عمران خان نے وعدہ خلافی کی اور بیرونی قرضے لیے، غریبوں کو نوکریاں دینے کا وعدہ بھی پورا نہیں کیا۔

بلاول کا کہنا تھا کہ موجودہ وزیراعظم نے کرپشن ختم کرنے کا وعدہ کیا لیکن انتقام کے طور پر حزب اختلاف کو جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب گردی اور معیشت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتی۔

پی پی پی کے چیئرمین نے کہا کہ عمران خان اور کابینہ اس وقت سے ڈریں جب انہیں حساب دینا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ قوتیں جو ہمارے وقت میں حب الوطنی کی بات کرتی تھیں آج خاموش ہیں۔


متعلقہ خبریں