ملک میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد دگنی ہو گئی


پشاور: خیبر پختونخوا محکمہ صحت کے ایک پروگرام کے تحت کرائے گئے سروے کے نتائج سے یہ انکشاف ہوا ہے کہ ملک بھر میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد دگنی ہو گئی ہے۔

پروگرام انسولین فار لائف کے تحت سروے کے نتائج کے مطابق ملک بھر میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد دگنی جبکہ خیبر پختونخوا میں اس شرح میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔

سروے کے مطابق ملک میں ہر ساتواں فرد شوگر کے مرض میں مبتلا ہے جبکہ 23 سال کے دوران ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد 17 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

انسولین فار لائف کی جانب سے ملک بھر کے 18 ہزار سے زائد افراد پر سروے کیا گیا جس کے مطابق سندھ میں 7.2، پنجاب میں 1.15، بلوچستان میں 2.1 جبکہ خیبر پختونخوا میں چھ ملین افراد ذیابیطس جیسے مرض میں مبتلا ہیں۔

اس حوالے سے پروگرام کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اس مرض کی روک تھام کے لیے جلد آگاہی مہم شروع کی جائے گی۔

خیبر پختونخوا میں ذیابیطس کی بڑھتی ہوئی شرح کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ صحت کی جانب سے انسولین فار لائف پروگرام کے تحت ملکی کی تاریخ میں پہلی بار ذیابیطس کے مریضوں کو مفت انسولین اور دوائیاں دینے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔

ساتھ ہی محکمہ صحت خیبر پختونخوا ذیابیطس کے مریضوں کی جانچ اور علاج کے لیے جلد ہی موبائل وین کا آغاز بھی کرے گی۔


متعلقہ خبریں