واسا ہیلپ لائن ناکام، پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا جمع


لاہور: شہریوں کے مسائل حل کرنے میں ناکامی پر واسا ہیلپ لائن  کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرا دی گئی۔

تحریک التوا مسلم لیگ ق کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرکی جانب سے جمع کرائی گئی۔

تحریک التوا کے متن میں بتایا گیا ہے کہ حکومت نے شہریوں کو درپیش مسائل سے فوری چھٹکارے کے لیے واسا (واٹر اینڈ سینٹیشن ایجنسی) ہیلپ لائن تشکیل دی۔ لیکن لوگوں کی اکثریت اس سے لاعلم ہے۔

ایوان کومزید بتایا گیا کہ شہری اس پرفون کرتے ہیں تو انہیں کوئی موثر جواب نہیں ملتا۔ شکایات درج کرانے کے باوجود کئی دن تک سیوریج کے مسائل حل نہیں ہوتے۔ حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔

تحریک التوا میں مزید کہا گیا کہ متعلقہ ادارے عوامی مسائل حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہے۔ جس کی مثال گلی محلوں میں سیوریج کا پانی کئی دن تک کھڑا رہنا ہے۔ عوام اس قدر پریشان ہیں کہ گندا پانی ہٹانے کے لیے پیسے دیکر نجی عملہ بلانا پڑتا ہے۔

بتایا گیا کہ مختلف علاقوں میں کوڑا کرکٹ اٹھانے والے بھی کئی دن تک نہیں آتے۔ بار بار شکایات درج کرانے کے باوجود افسران توجہ نہیں دیتے۔


متعلقہ خبریں