عمران خان کی اہلیہ کیا کریں گی، کیا نہیں؟ تفصیل جاری

عمران خان اور بشری مانیکا کے نکاح خوان، دلہن کو نکاح نامے میں درج تفصیلات سے آگاہ کر رہے ہیں۔


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے خاص ذرائع کی جانب سے عمران خان کی روحانی پیشوا اور اب تیسری اہلیہ کی آئندہ مصروفیات کے متعلق تفصیلات سامنے لائی گئی ہیں۔

پیر کی سہ پہر سامنے آنے والی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ مسزعمران خان یعنی بشری عمران مکمل طور پر غیر سیاسی خاتون رہیں گی۔

تحریک انصاف ذرائع کا کہنا ہے کہ مسز عمران خان سیاسی اجلاسوں میں قطعی شرکت نہیں کریں گی۔

ان کی رہائش گاہ کے متعلق کہا گیا ہے کہ بشری بی بی عمران خان کے ذاتی گھر بنی گالہ میں قیام کریں گی۔

تحریک انصاف سے متعلق ذرائع کا کہنا ہے کہ بشری بی بی کے بچے اپنے والد کے ساتھ رہیں گے۔

اس بات کی بھی وضاحت کی گئی ہے کہ بشری بی بی پردہ جاری رکھیں گی۔

پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے عمران خان اور بشری مانیکا کے نکاح کے متعلق اعلان ایک روز قبل کیا گیا تھا۔

اعلان کردہ تفصیل کے مطابق دونوں کا نکاح مفتی سعید نے پڑھایا، عمران خان کے ذاتی دوست زلفی اور عون نکاح کے گواہ بنے جب کہ حق مہر پانچ لاکھ سے کم مقرر کیا گیا تھا۔

میانوالی سے تعلق رکھنے والے پینسٹھ سالہ عمران خان نیازی قوم سے تعلق رکھتے ہیں، یہ ان کی تیسری جب کہ تقریبا پچاس سالہ بشری بی بی کی دوسری شادی ہے۔ اس شادی سے قبل عمران خان کے دو جب کہ بشری بی بی کے پانچ بچے ہیں۔


متعلقہ خبریں