بھٹو ویژن سے غداری بدعنوانی کا داغ لگانے والوں نے کی، فردوس عاشق

بھٹو ویژن سے غداری کرپشن کا داغ لگانے والوں نے کی، فردوس عاشق

فوٹو: فائل

اسلام آباد: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بھٹو کے ویژن سے غداری بھٹو ازم پر بدعنوانی کا داغ لگانے والوں نے کی ہے۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ بلاول صاحب! کٹھ پتلی وزرائے اعظم کو آپ کے ابو ریموٹ کے ذریعے قابو کیا کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو اپنی بدعنوانی بچانے کے لیے کشمیر کاز کا سہارا نہ لیں۔ غیرت مند اور عظیم کشمیری حق خود ارادیت کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے دے رہے ہیں۔ دو خاندان اپنی کرپشن بچانے کے لیے قومی کاز کو تو بخش دیں۔

معاون خصوصی نے بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نئے پاکستان میں سب پر قانون کا یکساں اطلاق ہو گا جبکہ خواتین کے حوالے سے نواز شریف کو جیل میں جا کر ملیں اور ان سے سوال کریں جنہوں نے اپنے دور میں آپ کی والدہ ماجدہ اور نانی پر مقدمات بنائے۔

انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کو برا بھلا کہنے والے بتائیں نیب چیئرمین کا تقرر کس نے کیا تھا ؟ مسئلہ نیب اور قانون کا نہیں کرتوتوں کا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھٹو کے ویژن سے غداری بھٹو ازم پر بدعنوانی کا داغ لگانے والوں نے کی ہے۔ آپ کے والد اور پھوپھو قانون کی گرفت میں ہیں اور نئے پاکستان میں قانون سے کوئی بالاتر نہیں۔

متعلقہ خبریں

ٹاپ اسٹوریز