رائل ملائیشین نیول چیف کی ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ملاقات


اسلام آباد: رائل ملائیشین نیول چیف ایڈمرل تان سری احمد قمرالزمان حاجی احمد بدرالدین نے پاکستان کے نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ جہاں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ان کا استقبال کیا۔

ترجمان بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی بھی پیش کی۔

رائل ملائیشین نیوی کے چیف نے ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ملاقات کی اور پیشہ ورانہ امورپرتبادلہ خیال کیا اور یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔

بعدازاں ایوانِ صدر میں منعقدہ پُر وقار تقریب کے دوران  صدر پاکستان کی جانب سے رائل ملائشین نیول چیف کو پاکستان کا اعلیٰ ترین عسکری اعزاز نشانِ امتیاز (ملٹری) دیا گیا۔

رائل ملائشین نیول چیف کو یہ اعزاز پاکستان اورملائیشیاء کی بحری افواج کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق رائل ملائیشین نیول چیف اپنے حالیہ دورے کے دوران لاہور اور کراچی میں نیول فیلڈ کمانڈز سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔


متعلقہ خبریں