پنجاب میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ اتوار کو ہوگا

پنجاب میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ اتوار کو ہوگا

لاہور: صوبہ پنجاب کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ اتوار کو ہوگا جس میں صوبے بھر سے 74,502 امیدوار شرکت کریں گے۔

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) کے مطابق انٹری ٹیسٹ دینے والے امیدواروں میں 48,472 طالبات اور26,030 طلبہ شامل ہیں۔

پنجاب کے 13 شہروں میں 33 امتحانی مراکز قائم کردیئے گئے ہیں، لاہور میں 19,940 امیدوار میڈیکل انٹری ٹیسٹ میں شرکت کریں گے جن میں 13,468 طالبات اور 6472 طلبہ شامل ہیں۔

یو ایچ ایس کے مطابق انٹری ٹیسٹ کے لئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے،  دور دراز کے علاقوں میں قائم کئے گئے سینٹرز کیلئے امتحانی پرچوں کی ترسیل شروع کر دی گئی ہے۔

اس مرتبہ امیدواروں کی بائیو میٹرک تصدیق نادرا کے ذریعے کرائی جائے گی جبکہ 314 سپرنٹنڈنٹس سمیت  پانچ ہزار 382 اساتذہ میڈیکل انٹری ٹیسٹ میں نگرانی کے فرائض سرانجام دیں گے۔

اس کے علاوہ صوبائی سیکرٹریز، ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز سمیت اعلیٰ انتظامی افسران ٹیسٹ کی مانیٹرنگ کریں گے۔

لاہور کے 7 سینٹرز میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن امتحانی مراکز لارنس روڈ، پنجاب یونیورسٹی، گورنمنٹ  کمپری ہینسووگرلز ہائی سکول وحدت روڈ ، لاہورکالج فار ویمن یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف ایجوکیشن ٹاؤن شپ ، گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج فار ویمن سمن آباد اور ڈی پی ایس ماڈل ٹاؤن ٹاون شامل ہیں۔

میڈیکل انٹری ٹیسٹ کے بہترین انتظامات کو ممکن بنانے کیلئے چیف سیکرٹری پنجاب نے تمام متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو احکامات جاری کر دیئے ہیں۔


متعلقہ خبریں