جج ارشد ملک کے خلاف کارروائی کیلئے اجلاس 26اگست کو ہوگا

ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو عدلیہ پر دباؤ قرار

لاہور:احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کیخلاف ویڈیو پرکارروائی کے لئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ایڈمنسٹویٹو کمیٹی کا اجلاس 26 اگست کو طلب کرلیاہے۔ اجلاس میں معطل جج ارشد ملک کیخلاف ویڈیو سکینڈل پر غور کیا جائے گا۔ 

رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ ہمایوں امتیاز نے بتایا کہ ارشد ملک کو ان کے عہدے سے معطلی کے بعد تحقیقات شروع کی جا رہی ہیں۔

اس مقصد کیلئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سردار شمیم احمد خان کی سربراہی میں سینئر ترین ججز پر مشتمل ایڈمنسٹریٹو کمیٹی کا اجلاس 26 اگست کو ہو رہا ہے جس میں جج ارشدملک ویڈیو سکینڈل کا جائزہ لیا جائے۔

ہائیکورٹ کے سینیئر ترین ججز پر مشتمل ایڈمنسٹریٹو کمیٹی ملک ارشد کے بارے میں اجلاس ان کی معطلی کے بعد مزید کارروائی کےلئے فیصلے کرےگی۔

رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کے مطابق جج ارشد ملک کے بارے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ویڈیو سےمتعلق تحقیقات کی جائیں گی اور ایڈمنسٹریٹو کمیٹی کے اجلاس کی تجاویز کی روشنی میں فیصلہ کیا جائے گا۔

رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ نے تصدیق کی کہ احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک نے لاہور ہائیکورٹ رپورٹ کر دیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کی سات رکنی ایڈمنسٹریٹو کمیٹی پنجاب کی ضلعی عدلیہ کے بارے میں فیصلہ کرتی ہے ۔

اس کمیٹی کے سربراہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ہوتے ہیں جب کہ اس کے موجودہ ارکان سینیئر ترین جج جسٹس مامون رشید شیخ ، جسٹس قاسم خان ،جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی ، جسٹس امین الدین خان ،جسٹس امیر علی بھٹی اور جسٹس ملک شہزاد احمد خان شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو واپس لاہور ہائیکورٹ بھیج دیا گیا


متعلقہ خبریں