گھر میں کتا پالنے سے دل صحت مند رہتا ہے، سائنسدانوں کا دعویٰ


کتے دل جیتنے کے لیے تو مشہور تھے ہی مگر سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ گھر میں اسے پالنے سے دل بھی صحت مند رہتا ہے۔

حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق پالتو جانور یا پرندہ رکھنے سے دل صحت مند رہتا ہے لیکن اگر کتے کو پالا جائے تو اس کے دل پر اثرات مزید بہتر ہوتے ہیں۔

پالتو جانور رکھنے والی تنظیم کے پیش کردہ اعداد وشمار کے مطابق 2013 اور 2014 کے درمیان 2000 افراد پر تحقیق کی گئی جو پانچ پانچ سال کے وقفے کے بعد 2030 تک جاری رہے گی۔

2019 کے دوران 1769 شرکاء پر تحقیق کی گئی اور ایسے افراد کو شامل کیا گیا جنہیں کبھی بھی دل کا مرض لاحق نہیں ہوا، تحقیق میں پالتو جانوروں کی موجودگی کے علاوہ زندگی کے 7 رہنما اصولوں کو بھی مدِنظر رکھا گیا۔

پالتو جانور رکھنے والوں کے دل کی صحت کا جانور نہ رکھنے والوں کے ساتھ موازنہ کیا گیا، اسی طرح کتا پالنے والوں کا تقابل کتا نہ پالنے والوں کے ساتھ کیا گیا۔

تحقیق کے نتائج کے مطابق دل کی بہترین صحت کے حامل افراد میں سے 42 فیصد افراد پالتو جانور رکھتے تھے، ان میں 24.3 فیصد نے کتا جبکہ 17.9 فیصد نے کوئی اور جانور پالا ہوا تھا۔

تحقیق میں شامل اینن یونیورسٹی اسپتال کے بین الاقوامی ریسرچ سنٹر کے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ بنیادی طور پر جو افراد پالتو جانور رکھتے ہیں وہ جسمانی سرگرمیوں میں مصروف رہتے ہیں، بہتر خوراک لیتے ہیں اور خون میں گلوکوز کی مقدار کو مناسب رکھتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تحقیقات کے مطابق دل کو صحتمند رکھنے کے لیے کتے کو بطور پالتو جانور رکھنا چاہیئے۔


متعلقہ خبریں