پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں، فردوس اعوان



اسلام آباد: وزیراعظم کی مشیر خاص برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں، ہر پاکستانی کشمیر کے ساتھ خون کا رشتہ رکھتا ہے۔

کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر انسانیت کا معاملہ ہے اور دنیا اس پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں اپنے معاشی مفادات کی خاطر کشمیریوں پر ہونے والے ظلم پر خاموش ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نریندرمودی کی سیاہ کاریاں تاریخ کا حصہ بن کر ہمیشہ اس کا پیچھا کرتی رہیں گی، اگر مودی نے کشمیریوں کی بہتری کیلیے کچھ کیا ہوتا تو وہاں دو لاکھ فوج نہ بھیجتا۔

فردوس اعوان کا کہنا تھا کہ کشمیری پاکستانی قیادت کی طرف دیکھ رہے ہیں کیوں عمران خان دنیا میں ان کی وکالت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا ہم کشیمر کو پاکستان کا دفاعی حصار سمجھتے ہیں، کشمیریوں کا بچہ بچہ پاکستانی مؤقف کی ترجمانی کر رہا ہے اور پاکستانی قوم کا بچہ بچہ بھی کشمیریوں کی جدوجہد کو اپنی بقا کی جنگ سمجھتا ہے۔

مشیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اس معاملے کو ایک تحریک کا رنگ دینا چاہتے ہیں اور وہ ہر جگہ کشمیریوں کا مقدمہ لڑیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم قانونی، سیاسی اور سفارتی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔

فردوس اعوان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی میں کشمیری مسلمانوں سے مذہبی آزادی تک چھین لی گئی اور عالمی برادری کو چاہیے کہ اس بات کا نوٹس لے۔

انہوں نے کہا کہ متعصب بھارتی قیادت مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی پر تلی ہوئی ہے اور جینو سائیڈ واچ نے بھی اس حوالے سے جینو سائیڈالرٹ جاری کیا ہے۔


متعلقہ خبریں