پاکستان کی سکھ اور عیسائی برادری کا کشمیریوں سے اظہار یکجہتی



اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی جس میں پاکستان کی سکھ اور عیسائی برادری کے افراد بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کی قیادت میں نکالی گئی ریلی میں سکھ کمیونٹی کا وفد سردار پرتاپ سنگھ اور مسیحی وفد بیشپ ندیم کامران کی قیادت میں شریک ہوا۔

سول سوسائٹی کے نمائندے، خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد ریلی میں شریک تھی جنہوں نے  ہاتھوں میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم تھام رکھے تھے۔

سکھ برادی کے رہنما پرتاب سنگھ نے کہا کہ سکھ قوم بھی مودی کا ظلم برداشت کررہی ہے اور ہم پاکستان اور کشمیر کے شہریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی سکھ برادری بھی پاکستان کے ساتھ ہے اور ہم پیچھے ہٹنے والی قوم نہیں، سکھ قوم جب اٹھتی ہے تو بڑے بڑے میدان چھوڑ دیتے ہیں۔

پرتاب سنگھ نے کہا کہ ہم کشمیر اور دہلی لے کر رہے ہیں گے، پاکستان کا جھنڈا چاندنی چوک تک جائے گا، ہم پاکستان اور خالستان کا جھنڈا لہرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ہر شہری، سپاہی اور سپہ سالار کے ساتھ ہیں، ہم قربانی دینے کے لیے تیار ہیں، ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔

مسیحی برادری کے سربراہ بشپ ندیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ مشکل وقت میں پورا پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ہے اور عیسائی برادری بھی ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم کشمیریوں کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑیں گے اور دنیا کو بھارت کی اصل تصویر دکھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر کی آزادی کیلیے آخری سانس تک بھارت سےلڑیں گے، یہ کشمیریوں کی نہیں، انسانیت کی جنگ ہے۔

بشپ ندیم نے نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے صبر کا امتحان نہ لیں، اگر ہم مذاکرات کیساتھ مسائل کو حل کرنا چاہتے تو اسے ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔


متعلقہ خبریں