ممبران سے حلف نہ لینے کا چیف الیکشن کمشنر کا فیصلہ خوش آئند ہے، پیپلزپارٹی


اسلام آباد:پاکستان پیپلزپارٹی نے  چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے ارکان سے حلف نہ لینے سے متعلق فیصلے کوخوش آئند قرار دے دیا ہے۔ 

پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیر بخاری کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ چیف الیکشن کمشنر کا فیصلہ خوش آئند ہے، چیف الیکشن کمشنر کے فیصلے سے پیپلز پارٹی کا موقف درست ثابت ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر نے ادارے کی ساکھ کو بچایا ہے،غیرقانونی طور ارکان کی تقرری الیکشن کمیشن کے اوپر ایک سوالیہ نشان ہے،ملک آئین اور قانون کے تحت چلتے ہیں ذاتی خواہشات پر نہیں۔

نیر بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے نئے ارکان کی تقرری کو قواعد ،قانون اور آئین کے خلاف قرار دیکر مسترد کیا تھا،ثابت ہو گیا کہ حکومت کی طرف سے سندھ اور بلوچستان کے ممبران کی تقرری غیر قانونی غیر آئینی اقدام ہے۔

سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی الیکشن کمیشن کے فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہے،غیر آئینی فیصلے کو مسترد کر کے الیکشن کمیشن نے مثال قائم کی ہے۔ حکومت نے آئین کی خلاف ورزی کی تھی۔

شیری رحمان نے کہا کہ ارکان کی تقرری کا طریقہ آئین میں وضع کیا گیاہے۔ حکومت نے آئینی فیصلہ اپوزیشن لیڈر اور پارلیمانی کمیٹی کی مشاورت بغیر کیا۔ الیکشن کمیشن کا فیصلہ آئین کی بالادستی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتآئینی اور پارلیمان کو عزت دینا سیکھے، صدراتی نوٹیفکیشن اور آرڈیننس سے حکومت نہی چل سکتی،حکومت اپنے آمرانہ رویہ کی نظرثانی کرے۔

یہ بھی پڑھیے: چیف الیکشن کمشنر نے نئے ممبران سے حلف لینے سے انکار کردیا


متعلقہ خبریں