بے نظیر بھٹو قتل کیس میں بری پانچ ملزمان کی نظر بندی میں دو ماہ کی توسیع

بے نظیر بھٹو قتل کیس میں بری ہونے والے ملزمان کی عدالت میں پیشی | urduhumnews.wpengine.com

لاہور:لاہور ہائی کورٹ کے نظر ثانی بورڈ نے بے نظیر بھٹو قتل کیس میں بری ہونے والے پانچ ملزمان کی نظر بندی میں 60 دنوں کی توسیع کر دی۔

تین رکنی نظر ثانی بورڈ نے وزارت داخلہ پنجاب کی جانب سے ملزمان کی نطر بندی میں توسیع کی اپیل پر سماعت کی۔

16 فروری کو ہونے والی سماعت میں لاہور ہائی کورٹ نے پانچوں ملزمان کی نظر بندی میں 19 فروری تک توسیع کی تھی۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو ریکارڈ سمیت طلب کیا تھا۔

پانچوں ملزمان کوٹ لکھپت جیل میں نظربند ہیں۔ ملزمان میں حسین گل، رفاقت علی، رشید احمد اعتزاز شاہ، شیر زمان اور حسنین شامل ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ کی آج ہونے والی سماعت میں پانچوں افراد کو سخت سکیورٹی میں نظر ثانی بورڈ کے سامنے یش کیا گیا۔ بند کمرے کی کارروائی میں پنجاب حکومت نے دستاویزات اور معلومات پیش کیں۔

لاہور ہائی کورٹ کے ججز پر مشتمل نظر ثانی بورڈ نے تمام دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد پانچوں ملزمان کی نظر بندی میں 60 دن کی توسیع کر دی۔

27 دسمبر2007ء کو راولپنڈی میں خود کش حملے کے نتیجے میں بے نظیر بھٹو جاں بحق ہوگئی تھیں۔ 31 اگست 2017 کو بے نظیر بھٹو قتل کیس میں عدالت نے پانچوں ملزمان کو بری کردیا تھا۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے پانچوں ملزمان کی بریت کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔


متعلقہ خبریں