بی سی سی آئی کا پاکستان کے سابق کوچ سے رابطہ


اسلام آباد: بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاکستان کے سابق کوچ کی خدمات حاصل کرنے کے لئے انہیں شارٹ لسٹ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق بی سی سی آئی نے پاکستان کے سابق اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنینگ کوچ گرانٹ لیوڈن کو انٹرویو کے دوسرے مرحلے کے لئے شارٹ لسٹ کیا ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس ضمن میں جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ’’ کوچز کی مہارت جانچنے کے لئے سیلیکشن کمیٹی نے  اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنینگ کے شعبے میں گرانٹ لیوڈن، لیوک ووڈہاوس، رجنیکانتھ اور نیک ویب کو دوسرے مرحلے کے انٹرویوز میں بلانے کا فیصلہ کیا ہے ‘‘۔

واضح رہے گزشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کے معاہدوں میں توسیع نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اس ضمن میں بورڈ کے اعلامیے کہا گیا کہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کرکٹ کمیٹی کی سفارشات منظور کرتے ہوئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، بولنگ کوچ اظہر محمود اور ٹرینر گرانٹ لڈن کےکنٹریکٹ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ کرکٹ کمیٹی کے اراکین نے متفقہ طور پر کیا، خالی ہونے والے چاروں عہدوں پر نئی تعیناتیوں کے لیے پی سی بی اشتہار جلد جاری کرے گا۔

اعلامیے میں چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ کمیٹی نے قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نئے کوچنگ اسٹاف کی تعیناتی پر مکمل اتفاق کیا ہے اور یہ کمیٹی کمیٹی تجربہ کار اراکین پر مشتمل ہے۔

انہوں نے تمام کوچز کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی قومی کرکٹ کی بہتری کے لیے فیصلے کرتا رہے گا۔


متعلقہ خبریں