کابینہ کمیٹی اجلاس میں موجودہ کے بجائے لیگی دور کے وزیر مدعو

سید رضا علی گیلانی—فائل فوٹو۔

لاہور: محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب نے انوکھا کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں موجودہ کے بجائے ن لیگی دور کے سابق وزیر کو مدعو کر لیا ہے۔

پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے محکمے کی جانب سے ایک مرحوم ڈاکٹر کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

سابق وزیر سید رضا علی گیلانی اور مرحوم ڈاکٹر فیصل مسعود کو کابینہ کے ڈینگی کنٹرول اجلاس میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔

سید رضا علی گیلانی ن لیگی دور میں صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن تھے جبکہ دعوت نامے کے ناموں کی فہرست میں شامل ڈاکٹر فیصل مسعود کا انتقال چند روز قبل ہی ہوا ہے۔

واضح رہے کہ ڈینگی کو کنٹرول کرنے کا لائحہ عمل مرتب کرنے کے لیے اجلاس 27 اگست کو سول سیکریٹریٹ میں ہوگا۔ اجلاس کے دعوت نامے میں 53 عہدیداروں کے نام شامل ہیں۔

اجلاس میں شرکت کے لیے وزرا، سیکریٹریز، اداروں کے چیئرمین اور چیف آپریٹنگ افسران (سی او اوز) کو بھی دعوت دی گئی ہے۔ صوبے میں ڈینگی پر قابو پانے کے لیے یہ اہم اجلاس وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے طلب کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

ٹاپ اسٹوریز