پی ٹی آئی نے بلدیاتی اداروں کو ختم کر کے جمہوریت دشمنی کا ثبوت دیا،احسن اقبال

فوٹو: فائل


لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر نائب صدر احسن اقبال نے کہاہے کہ  پی ٹی آئی نے بلدیاتی اداروں کو توڑ کر نا انصافی کی ہے۔بلدیاتی اداروں کو ختم کر کے جمہوریت دشمنی کا ثبوت دیاگیا ہے۔

لاہور میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو ختم کرکے پی ٹی آئی نے ن لیگ اور پنجاب سےدشمنی کی ہے۔ پی ٹی آئی اپنے اس اقدام سے پنجاب میں ترقی کو روکنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  دس مہینوں میں ہر محکمہ کا سیکرٹری تبدیل کیا جا رہا ہے۔ پورے صوبے میں جرائم میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، عدالتی تعطیلات کے بعد امید ہے عدلیہ بلدیاتی اداروں کو بحال کرے گی ۔

احسن اقبال نے کہا کہ  یہ کام اگر ن لیگ نے کیا ہوتا تو دو دن بعد عدالتی حکم سے ادارے بحال ہو چکے ہوتے۔رول آف لاء کو بحال کرنا چاہیے تاکہ عدلیہ پر عوام کا اعتماد بحال ہو۔ علیٰ عدلیہ سے گزارش کروں گا کہ وہ اس بات کا نوٹس لے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ  بلدیاتی نمائندوں کی جگہ ایڈمنسٹریٹر لگا دئیے گئے ہیں جو عوام کی نہیں سنتے نہ ہی ان کو عوامی مسائل سے آگہی ہے۔

لیگی رہنما نے حکمران جماعت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے پنجاب کو انتقامی سیاست کا نشانہ بنایا ہوا ہے.  بلدیاتی نمائندوں کا مینڈیٹ ختم کردیا گیاہے۔پاکستان کی باون فیصد آبادی کو بلدیاتی اداروں سے محروم کیا گیاہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پنجاب سے مسلم لیگ ن کو ووٹ دینے کا بدلہ تحریک انصاف عوام سے لے رہی ہے.پورے صوبے کے اندر جرائم کی شرح میں بے پناہ اضافہ ہو رہا  ہے۔  حکومت نام کی چیز پنجاب میں بلکل بھی نظر نہیں آرہی۔

انہوں نے کہا کہ لوگ اب محسوس کر رہے ہیں کہ ن لیگ کیساتھ انصاف کا پیمانہ کچھ اور ہے۔ سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بلدیاتی نمائندوں کا بحال کریں۔

یہ بھی پڑھیے: عمران خان اور ان کے ٹولے کا انجام برا ہو گا، احسن اقبال


متعلقہ خبریں