سندھ حکومت کی ایک سال کی کارکردگی انتہائی مثبت رہی،ترجمان سندھ حکومت

احتسابی عمل کے پیچھے پاکستان تحریک انتقام ہے، مرتضیٰ وہاب

فوٹو: ہم نیوز


کراچی: سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضی وہاب نے دعوی کیاہے کہ سندھ حکومت کی کارکردگی انتہائی مثبت رہی ہے۔ 

سندھ حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کے حوالے سے سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون ، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب کی صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو ہوئی ۔

بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ ہم عوام کو بہت کچھ دینا چاہتے تھے مگر مدینے کی ریاست میں جو معاشی صورتحال تھی اسکے باعث ہمارے کئی منصوبے پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ پائے۔ سندھ حکومت کا پہلا سنگ میل تھر کول کا منصوبہ تھا جسکے تحت 660 میگا واٹ بجلی پیدا کی گئی یہ شہیدبے نظیر بھٹو کا خواب تھا۔یہ بجلی نیشنل گرڈ میں جارہی ہے اسکے دو بڑے فائدے ہوئے ہیں۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ تھرکول منصوبے کا پہلا فائدہ یہ ہے کہ  مقامی کوئلہ کا استعمال ہوا جس سے قیمتی زرمبادلہ بچایا گیا۔دوسرا پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پروگرام کو تقویت ملی۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر سندھ حکومت نے تھر پر توجہ دی وہاں صحت ، تعلیم، پانی ، ڈیمز کے منصوبے شروع کئے۔ سندھ حکومت کی صحت کے شعبے میں نمایاں کارکردگی رہی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے پسماندہ ترین علاقے تھر  میں ادارہ امراض قلب سمیت این ای ڈی یونی ورسٹی کا کیمپس قائم کیا گیا۔ امل ایمبولینس ،ریسکیو سروس شروع کی بلاول بھٹو کی خواہش ہے کہ اسکو پورے سندھ تک پھیلایا جائے۔

بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ گزشتہ ایک برس میں صوبے میں ریکارڈ قانون سازی کی گئی ہے۔ تین بنیادی قوانین پاس کئے گئے۔ پولیس اصلاحات کا قانون منظور کیا گیا ۔انگریز دور کا جیل کا قانون تبدیل کیا۔ قیدی کو معاشرے کا باعزت شہری بنانے کی کوشش گئی ہے۔

انہوں نے  کہا کہ سندھ انجرڈ پرسن میڈیکل ایڈ کا اہم بل پاس کیا۔اطلاعات تک رسائی کے بل پر کام چل رہا ہے۔شہر اور صوبے بھر میںصفائی ستھرائی کے ایشوز کو حل کیا گیا ہے۔

بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ وزیراعلی سندھ اس پر کوئی کمپرومائیز نہیں چاہتے۔ وفاقی حکومت کو درخواست کرتے ہیں کہ سندھ حکومت اور کے ایم سی کے ساتھ ملکر کام کریں یہ شہر صاف ہوسکتا ہے۔سندھ حکومت نے پلاسٹک بیگز کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت نے اپیل کی کہ اس اچھے کام میں میڈیا اور شہری تعاون کریں ۔نہ صرف نالے ان پلاسٹک بیگز کی وجہ سے چوک ہوتے ہیں بلکہ یہ ماحول کو بھی آلودہ کرتے ہیں۔یکم اکتوبر سے پلاسٹک کی تھیلیوں پر پابندی کا اطلاق ہوگا۔اسکے بعد کسی کے ساتھ رعایت نہیں کی جائیگی۔

یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا کے وزراء کی ایک سالہ کارکردگی کیسی رہی؟رپورٹ تیار


متعلقہ خبریں