رانا ثناء اللہ اور ان کے اہل خاندان کے اثاثوں کی تفصیلات  سامنے آگئی

رانا ثنا کے ریمانڈ میں 14روز کی توسیع

فائل فوٹو


لاہور :مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اورفیصل آباد سے رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ اور ان کے اہل خاندان کے اثاثوں کی تفصیلات  سامنے آگئی ہیں۔

انسداد منشیات فورس (اے این ایف )کی طرف سے سامنے لائی جانے والی تفصیلات میں رانا ثنا اللہ کے نام کروڑوں روپے کے پلاٹس، گھر، دکانیں اور گاڑیاں ہیں۔ اے این ایف نے تمام اثاثے منجمد کرنے کی استدعا کردی ہے۔

اے این ایف دستاویزات کے مطابق مسلم لیگی رہنما کے نام پر کروڑوں روپے مالیت کی 3 گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں، رانا ثنااللہ اور انکے اہل خاندان  اور قریبی عزیز داروں کے نام پر کل 14 کمرشل پلاٹس ہیں۔

سابق صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ ،ان کے اہل خاندان اور قریبی عزیز داروں کے نام پر 50 سے زائد دکانیں ہیں، رانا ثنا انکے بھائی اور والدہ کے نام پر فیصل آباد میں دو گھر اور دو کمرشل ہالز بھی  ہیں۔

دستیاب دستاویزات کے مطابق ن  لیگ کے صوبائی صدر  اور انکے اہل خاندان  کے بنک اکاوٗنٹس میں بھاری رقم موجود ہے، ن لیگی رکن قومی اسمبلی نے تمام پراپرٹی منشیات اسمگلنگ سے بنائی ہے۔

اے این ایف نے انسداد منشیات کے مقدمات سننے والی عدالت سے رانا ثناء اللہ اور ان کے اہل خاندان کے تمام اثاثے منجمد کرنے کی استدعا کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: رانا ثناء اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید چار روز کی توسیع


متعلقہ خبریں