بھارت کے سابق وزیر خزانہ ارن جیٹلی وفات پا گئے


نئی دہلی: بھارت کے سابق وزیر خزانہ ارُن جیٹلی 66 برس کی عمر میں وفات پا گئے ہیں۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کے ممتاز رہنما ارُن جیٹلی کو تنفس کے مسائل کے باعث نئی دہلی کے اسپتال آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں دو ہفتے قبل داخل کرایا گیا تھا۔

سابق وزیر خزانہ کی وفات مقامی وقت کے مطابق دن 12 بج کر سات منٹ پر ہوئی۔

اسپتال کی جانب سے ان کی وفات کے متعلق جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ ہم بہت دکھ سے یہ اطلاع دینا چاہتے ہیں معزز رکن پارلیمان اور سابق وزیر خزانہ ارن جیٹلی وفات پا گئے ہیں۔

ارن جیٹلی بھارت کے موجودہ وزیراعظم نریندر مودی کی گزشتہ کابینہ میں 2014 سے 2019 تک وزیر خزانہ کے منصب پر فائز تھے۔

سابق وزیر خزانہ ذیابیطس کے مرض میں مبتلا تھے جبکہ 2018 میں ان کے گردوں کی پیوندکاری بھی کی گئی تھی۔ 52 سال کی عمر میں وکیل و سیاستدان ارن جیٹلی کےدل کا تیسرا بائی پاس بھی ہوا تھا۔

ارن جیٹلی نے کچھ عرصہ کے لیے بطور بھارتی وزیر دفاع بھی خدمات سرانجام دی ہیں جبکہ سابق وزیراعظم اٹل بہاری باجپائی کی کابینہ کا وہ بطور وزیر قانون حصہ رہے ہیں۔

ارن جیٹلی کی وفات کی خبر منظرعام پر آتے ہی ہر طرف سے ان کی وفات پر تعزیت کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ تمام شعبہ ہائے زندگی سے منسلک لوگوں نے ان کی وفات پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

یاد رہے کہ رواں برس بھارتیہ جنتا پارٹی اپنی ایک اور ممتاز رہنما سشما سوراج سے بھی محروم ہو گئی ہے، سشما کی وفات دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ہوئی تھی۔


متعلقہ خبریں