’جیل کے اندر فریال تالپور کی صحت ٹھیک نہیں’


اسلام آباد:پاکستان پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر اور رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور سے اڈیالہ جیل میں ان کے خاندان کے افراد اور وکلاءنے ملاقات کی ہے۔

ملاقات کرنے والوں میں رکن قومی اسمبلی میر منور تالپورنے خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ اپنی اسیر اہلیہ فریال تالپور سے ملاقات کی جبکہ ان کے وکلاءجن میں سابق صوبائی وزیر ضیاالحسن لنجار، غلام مصطفی لغاری اور خان بہادر بھٹی نے بھی ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد ایڈووکیٹ ضیاالحسن لنجار نے کہا کہ فریال تالپور کو جیل کے اندر مناسب سہولیات میسر نہیں۔ عدالت نے انہیں جیل کے اندر بی کلاس کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات کی ہیں تاہم جیل انتظامیہ عدالت کے احکامات ماننے سے انکار کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیل کے اندر فریال تالپور کی صحت ٹھیک نہیں۔ انہیں گزشتہ عید کی رات جب وہ اسپتال میں زیر علاج تھیں کو ڈاکٹروں کے منع کرنے کے باوجود رات کو بارہ بجے زبردستی اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ڈاکٹروں کی اس ہدایات پر بھی عمل نہیں کیا جس میں کہا گیا تھا کہ فریال تالپور کو دل کے ڈاکٹروں سے معائنہ کرایا جائے۔

ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ جیل کے اندر صفائی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے اسیر رہنما کو جلد کی الرجی ہوگئی ہے۔

ایڈووکیٹ ضیاالحسن لنجار نے کہا کہ حکومت پنجاب پروڈکشن آرڈر کے باوجود رکن سندھ اسمبلی کو اڈیالہ جیل سے سندھ منتقل نہیں کر رہی اور انہیں اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے آئینی حق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیر کے روز حکومت کی طرف سے کی جانے والی ذیادتیوں، عدالت کی حکم عدولی، جیل میں مناسب سہولیات فراہم نہ کرنے اور جیل رولز کے تحت بی کلاس نہ دینے کے خلاف ایک آئینی پٹیشن دائر کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے: حکومت نے کشمیر کا مقدمہ لڑنے سے پہلے ہی ہتھیار ڈال دیے، بلاول


متعلقہ خبریں