سیشن کورٹ لاہور میں فائرنگ سے دو وکیل جاں بحق


لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مبینہ جھگڑے کے دوران فائرنگ سے دو وکیل جاں بحق ہوگئے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق واقعہ سیشن کورٹ کی دوسری منزل پر پیش آیا، جہاں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے ایک وکیل جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔

جاں بحق ہونے والے وکیل کی شناخت رانا ندیم کے نام سے ہوئی ہے جب کہ زخمی اویس اعوان کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

زخمی ہونے والا وکیل اویس اعوان دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

فائرنگ کرنے والے ملزم کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ جب کہ سیشن کورٹ کے تمام داخلی راستوں کو بند کر دیا گیا ہے۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد وکلاء شدید مشتعل ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور آئی جی پنجاب عارف نواز خان نے واقعہ کا نوٹس لے لیا اور رپورٹ فوری طلب کرلی ہے۔

واقعے کے بعد لاہور بار ایسوسی ایشن نے پولیس اہلکاروں کی نااہلی کے باعث ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔

لاہور بار نے وکلاء کو ماتحت عدالتوں میں پیش ہونے سے منع کردیا ہے اور سیکیورٹی کی یقین دہانی تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

لاہور کی سیشن کورٹ میں اس سال فائرنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

جنوری کے آخری ایام میں قتل کے مقدمے میں عدالت پیشی پر آئے ہوئے ملزموں پر مقتول کے بیٹے نے فائرنگ کی تھی۔

جس کے باعث ہتھکڑیوں میں جکڑا ایک ملزم ہلاک جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا تھا۔


متعلقہ خبریں