چیئرمین سینیٹ نے یو اے ای کا دورہ منسوخ کردیا


اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا دورہ منسوخ کردیا۔

سینیٹ سیکریٹریٹ کے اعلامیے کے مطابق دورہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے کے پس منظر میں منسوخ کیا۔

چیئرمین اور پارلیمانی وفد کو طے شدہ دورے پر یو اے ای جانا تھا۔

چیئرمین سینیٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی بھرپورحمایت کرتا ہے جبکہ مودی حکومت نے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کی انتہاء اور کرفیو نافذ کررکھا ہے۔

چیئرمین سینیٹ کا مزید کہنا تھا کہ دورہ پاکستانی قوم، کشمیری ماؤں، بہنوں اور بزرگوں کی دل آزاری کا سبب بنے گا۔

گزشتہ روز (یواے ای) کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان نے بھارتی وزیراعظم کو اعلیٰ ترین سول اعزاز سے نوازا تھا۔

یو اے ای نے رواں سال اپریل میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو اعلیٰ ترین سول اعزاز دینے کا اعلان کیا تھا۔

اس فیصلے کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے باعث شدید تنقید کا سامنا ہے کیونکہ  5 اگست کو کئے گئے بھارتی اقدامات کے بعد احتجاج کے پیش نظر مقبوضہ وادی میں مکمل لاک ڈاؤن ہے جس کے باعث بچوں کے دودھ، ادویات اور اشیائے ضروریہ کی شدید قلت ہے۔

بھارتی وزیراعظم متحدہ عرب امارات کے مختصر دورے پر جمعہ کو ابوظہبی پہنچے۔

نریندر مودی نے قصر الوطن میں متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ اسٹریٹیجک تعلقات پر بھی بات کی گئی۔


متعلقہ خبریں