بریڈمن ہال آف فیم کا وقار یونس کے لیے اعزاز


13 واں سالانہ بریڈمن گالا ڈنر اس برس پاکستان کے مایا ناز تیز گیند باز وقار یونس کے اعزاز میں دیا جائے گا جس میں ماضی اور حال کے نامور کھلاڑی شرکت کریں گے۔

منتظمین کے مطابق 13 نومبر بروز بدھ کو آسٹریلیا کے سڈنی کرکٹ گراونڈ میں شاندار گالا ڈنر کا اہتمام کیا جائے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وقار یونس نے اپنے شاندار کیریئر کے دوران ایک روزہ اور ٹیسٹ مقابلوں میں 789 وکٹیں حاصل کیں۔

90 کی دہائی میں وقار یونس جب اپنے ساتھی وسیم اکرم ساتھ گیند بازی کرتے تھے تو ان کے پاوں توڑ دینے والے یارکرز بلے بازوں کے لیے ڈراونے خواب کی ماند تھے۔

خیال رہے کہ ہر سال کرکٹ کے بریڈمن میوزیم کی جانب سے دو ایسے کھلاڑیوں کا  انتخاب کیا جاتا ہے جنہوں نے بین الاقوامی مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھائی ہو۔

کھلاڑیوں کے انتخاب میں کرکٹ کیلیے ان کی لگن، محنت، تکریم، دیانت داری، ہمت، عاجزی اور عزم کو مد نظر رکھا جاتا ہے۔

آئی سی سی کا وقار یونس کے لیے اعزاز

قبل ازیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے بھی وقار یونس کو اپنے ہال آف فیم میں شامل رکھا ہے۔

آئی سی سی نے  2013 وقار یونس کو شامل کیا تھا اور اس کے بعد کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی اس فہرست میں شامل نہیں ہو سکا۔

 


متعلقہ خبریں