اقوام متحدہ کشمیر کے معاملے پر گونگا، بہرا، اندھا ہو گیا، سراج الحق


پشاور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے گونگا، بہرا اور اندھا ہو گیا ہے۔

پشاور میں کشمیر مارچ کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں نے اگر سستی کا مظاہرہ کیا تو جماعت اسلامی کا مارچ سری نگر میں نظر آئے گا۔ حکومت کا فرض تھا بروقت کشمیر کے حوالے سے فیصلہ کرتی۔

انہوں نے کہا کہ آج حالات نے ہمارے فرائض میں اضافہ کر دیا ہے۔ لاکھوں کشمیریوں نے آزادی کے لیے جام شہادت نوش کیا، تعلیمی اداروں کو بند کیا گیا، اسپتالوں میں لاشیں نظر آرہی ہے، کشمیری پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں لیکن پاکستان کی حکومت امریکہ کی طرف دیکھ رہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مودی مسلمانوں کے قتل عام میں مصروف ہے اور ایک مسلم ملک نے مودی کو سول ایوارڈ سے نواز دیا جو کشمیریوں سے سراسر بے وفائی ہے جبکہ میں حیران ہوں مودی کس طرح ہماری فضائی حدود کو استعمال کر رہا ہے کیونکہ کشمیر پاکستان کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم حکمرانوں پر افسوس ہے کہ کشمیر پر ظلم کے باوجود خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ امریکی صدر نے کشمیر پر ثالثی کا بیان دیا تو حکمران اتنا خوش ہوئے کہ جیسے انہوں ںے ورلڈ کپ جیت لیا ہو۔ امریکہ کبھی کسی کا دوست نہیں بنتا۔

سراج الحق نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان امریکی صدر اور مودی کے دھوکے میں آئے حالانکہ یہ اُن کا کوئی پہلا دھوکہ نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کشمیریوں کی مدد کے لیے نہیں بڑھتی تو ہم ایک اور بغداد دیکھ رہے ہیں۔ کشمیر ہماری شہ رگ ہے لیکن یہ کٹ رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں مسئلہ کشمیر: او آئی سی اور اسلامی ممالک بیانات سے بڑھ کرکردار ادا کریں، شاہ محمود

جماعت اسلامی کے سربراہ نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے ریمنڈ ڈیوس، عافیہ صدیقہ کو امریکہ کے حوالے کیا اور موجودہ حکومت نے ماضی کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے بھارتی پائلٹ کو بھارت کے حوالے کیا جبکہ حکومت نے وزارت خزانہ اور ا سٹیٹ بینک کی چابیاں آئی ایم ایف کے حوالے کر دی ہیں۔


متعلقہ خبریں