نیب کی گزشتہ 20 ماہ کے دوران 71 ارب روپے کی وصولی

بدعنوانی سرطان کی طرح زہر قاتل ہے، چیئرمین نیب

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو(نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ گزشتہ 20 ماہ کے دوران بیورو نے بدعنوان عناصر سے 71 ارب روپے برآمد کئے ہیں جنہیں قومی خزانے میں جمع کرا دیا گیا ہے۔

نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ایک سال اور آٹھ ماہ کے دوران بیورو نے بدعنوانی کے 600 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب نے مختلف جعلی ہاؤسنگ سوسائٹی  کے مالکان سے لوگوں سے بٹورے گئے اربوں روپے برآمد کئے ہیں اور انہیں متاثرہ لوگوں تک واپس پہنچایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک کرپٹ عناصر سے 326 روپے برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب افسران بدعنوانی کیخلاف جنگ میں اپنا قومی فرض ادا کرتے ہوئے بھرپور محنت اور دیانتداری سے کام کر رہے ہیں۔

واضح رہے گزشتہ دنوں ایک تقریب کے دوران چیئرمین نیب نے کہا تھا کہ ’’ کہا جاتا ہے نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے، ایسا ہرگز نہیں ، نیب نیازی گٹھ جوڑ نہیں ،نیب پاکستان گٹھ جوڑ ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ اس پروپگنڈہ میں نہ آئیں کہ نیب کاروباری طبقے کو ہراساں کر رہا ہے،ہم کیوں ہراساں کریں گے؟جانتے ہیں کہ یہ لوگ ملک کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ بزنس مین خوشحال ہوگا تو پاکستان خوشحال ہو گا۔ پالیسی بنانے میں نیب کا کوئی کردار نہیں ہے

انہوں نے کہا کہ ٹیکس لگانے اور وصول کرنے میں نیب کا کوئی حصہ نہیں ہے۔ میرے اس دو سالہ دور میں 6 سو کرپشن ریفرنسز دائر ہوئے۔


متعلقہ خبریں