ایکسچینج کمیشن پاکستان کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر گرفتار


اسلام آباد: سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے خلاف پارک لین ریفرنس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے بڑی کارروائی عمل میں آئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن پاکستان کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر جاوید حسین کو گرفتار کرلیا گیا۔

نیب کے مطابق ملزم جاوید حسین 2009 میں رجسٹرار آر او سی اسلام آباد تھے۔

جاوید حسین جسمانی ریمانڈ کے لیے ڈیوٹی جج شاہ رخ ارجمند کی عدالت میں پیش ہوئے۔

نیب نے بتایا کہ 2009 میں بطور رجسٹرار آر او سی جاوید حسین نے پارک لین کمپنی ریکارڈ حاصل کیا، وہ جانتے تھے کہ کمپنی اس وقت کے صدر صدر آصف علی زرداری کی ملکیت تھی۔

ملزم جاوید حسین نے آصف علی زرداری کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے ریکارڈ بغیر کسی وجہ کے حاصل کیا۔

نیب پراسیکیوٹر عثمان مسعود نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کیس میں مرکزی ملزم آصف علی زرداری ہیں، ملزم نے اپنے سب آرڈینیٹ سے بھی معلومات چھپائیں۔

نیب کے مطابق ملزم نے اختیارات کے غلط استعمال سے آصف علی زرداری کو فائدہ پہنچایا، مزید ریکارڈ کے حصول کے لیے جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

سماعت کے دوران وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ ملزم پر ای میل بھیجنے کا الزام ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارک لین کا ریکارڈ محفوظ ہاتھوں میں تھا اور نیب اس کیس کا مکمل ریکارڈ حاصل کرچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی بھی نیب نے گرفتار نہیں بلکہ ملزم نے خود کو نیب میں صفائی کے لیے پیش کیا۔

وکیل صفائی نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کو ورزش کرنے کی اجازت دی جائے اور اخبار کی سہولت بھی دی جائے۔


متعلقہ خبریں