اعجاز احمد قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کوچ منتخب

اعجاز احمد قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کوچ منتخب

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اعجاز احمد کو تین سال کے لئے انڈر- 19 ٹیم کا کوچ تعینات کر دیا ہے۔

اس ضمن میں پی سی بی کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ایم ڈی پی سی بی وسیم خان اور سابق ٹیسٹ کرکٹر مدثر نذر نے اس سلسلے میں کئی کوچز کا انٹرویو کیا جس کے بعد میرٹ کی بنیاد پر اعجاز احمد کی تقرری عمل میں لائی گئی ہے۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے اعجاز احمد نے کہا کہ پی سی بی کی جانب سے قومی انڈر 19 کی کوچنگ کی ذمہ داری دینے پر بہت خوش ہوں، پی سی بی کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے قومی ٹیم کے مستقبل کے کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے مجھے منتخب کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی کرکٹ کھیلنے والے ملک میں جونیئر کرکٹرز کا کردار بہت اہم ہوتا ہے کہ مستقبل میں یہی کھلاڑی قومی ٹیم میں شامل ہوتے ہیں۔

دوسری جانب سابق کھلاڑی مدثر نذر نے کہا کہ اعجاز احمد کو کوچنگ کے شعبے میں بڑھتے ہوئے دیکھا ہے اور ان کا شمار پاکستان کے باصلاحیت کوچز میں ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اعجاز بہت محنتی کوچ ہیں اور یقیناً ان کی کوچنگ میں پاکستان کی انڈر 19 ٹیم بہت آگے جائے گی۔


متعلقہ خبریں