مصطفیٰ کمال کی تین ماہ میں کراچی کو صاف کرنے کی پیشکش

’میرے خیال میں پاکستان پر جنگ مسلط کردی گئی‘


کراچی: سابق میئر کراچی اور چئیرمین پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) مصطفیٰ کمال نے شہر کو تین ماہ میں صاف کرنے کی پیش کش کردی۔

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جو کہتا ہے کراچی صاف نہیں ہو سکتا وہ نااہل اور بدعنوان ہے۔

وسیم اختر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس مئیر کو لندن بھیجیں تو لندن کو بھی لیاری بنادے گا۔

مصطفیٰ کمال نے کشمیر کے مسئلے پر حکومت کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے دورے کا اعلان کردیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوج یہاں کے 22 کروڑ عوام ہیں اور ہم ہر محاذ پر کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کےخلاف لڑنے کے لیے تیار ہیں۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پوری دنیا میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کردیا ہے تاہم ایک برادر ملک نے پاکستان کےخلاف فیصلے کیے ہیں۔

چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ پاکستان کو اپنے دوست اور دشمن کا پتہ چل رہا ہے، ہمیں اپنے آپ کو مضبوط کرنا ہوگا خوش فہمی میں نہیں رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے مذاکرات نہ کرنے کے فیصلے کی تائید کرتے ہیں اور مسئلہ کشمیر پر پاک سر زمین پارٹی حکومت کے ساتھ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 70 سال سے بات کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوا، دنیا کو بھارت کے مکر و فریب سے کوئی فرق نہیں پڑرہا۔

چیئرمین پی ایس پی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط ہوکر دنیا کی مجبوری بننا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کل سے آزاد کشمیر کے دورے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر جا کر کشمیری بھائیوں سے اظہاریکجہتی کریں گے اور دنیا کو بتائیں گے کہ کشمیر سے کراچی تک ہم ایک ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں پاکستان پر جنگ مسلط کردی گئی ہے تاہم پاکستانیوں میں اتنا دم ہے کہ کچھ ٹھان لیں تو کرکے رہتے ہیں۔


متعلقہ خبریں