وزیراعظم کے معذرت خواہانہ خطاب نے قوم کو مایوس کیا ،حزب اختلاف


اسلام آباد: حزب اختلاف کی بڑی جماعتوں پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی نے وزیراعظم عمران خان کے مقبوضہ کشمیر سےمتعلق قوم سے کئے گئے خطاب پر کڑی نکتہ چینی کی ہے ۔ 

پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیر بخاری نے کہاہے کہ محصور کشمیریوں اور محبوس کشمیری ماؤں بہنوں کو آزادی کے لئے عملی اعلانات کی توقع تھی۔ وزیراعظم کے معذرت خواہانہ خطاب نے قوم کو مایوس کیا ہے۔

نیر بخاری نے کہا کہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا عملی جواب بہتر اور پائیدار خارجہ پالیسی میں ہے۔ ناتجربہ کار اور غیر زمہ دار حکومتی دور میں پاکستان خارجہ محاز پر کمزور ہے۔ برادر اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات میں سر مہری ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے لیکن حکمرانوں میں قومی اعتماد حاصل کرنے کی صلاحیت کا فقدان ہے۔ وزیراعظم کا خطاب قومی غیرت و حمیت سے خالی تھا ۔

پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم رکوانے کے لئے وزیراعظم نے کسی حکومتی منصوبہ کا تذکرہ نہیں کیا۔ پیپلز پارٹی کشمیریوں پر انسانیت سوز بھارتی مظالم کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔

ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے عمران خان کی تقریر پہ ردِ عمل میں کہا کہ عمران صاحب آپ کے بچے کہاں ہیں زرا بتا دیں عوام کی معلومات کے لئے؟ عمران صاحب پوری قوم کو پتہ ہے کہ آپ بور ہو رہے ہیں اگر کام کر رہے ہوتے تو ملک اور عوام کی یہ حالت نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہ عمران صاحب آپ کی بوریت کی وجہ سے ملک کی ترقی آدھی اور مہنگائی تین گُنا ہو گئی ہے۔ ایک سال میں 7600 ارب کے تاریخی قرضے ، ایک کھرب کے پشاور میٹرو کے کھڈے اور ایک ارب درختوں میں کھربوں کی کرپشن کا حساب کون دے گا؟

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک سال میں گیس اور بجلی کے بلوں اور ادوایات کی قیمتوں میں اضافے کی کرپشن کا حساب کون دے گا؟ آپ جیسا بے بس شخص اپنی عزت بڑھانے کے لئے این آر او کی بات کرتا ہے۔

مسلم لیگ ن کی رہنما نے کہا کہ  جھوٹے الزامات کی بنیاد پر خود ملک آ کر جیل جانے والے آپ جیسے نالائقوں ، نااہلوں سے این آر او نہیں مانگتے۔ آپ کی بوریت کی وجہ سے روپے کی قدر میں تاریخی کمی ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران صاحب آپ کی بوریت کی وجہ سے ٹیکس ریوینیو میں 600 ارب کا خسارہ ہے۔ اورآ پ کی نااہلی ، نالائقی اور جھوٹ نے ملک اور ادارے تباہ کر دئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر پر احتجاج کیلیے پوری قوم کو کال دے دی


متعلقہ خبریں